Friday, May 17, 2024

دنیا بھر میں کورونا کی دوسری لہر، یومیہ اموات میں ہوشربا اضافہ

دنیا بھر میں کورونا کی دوسری لہر، یومیہ اموات میں ہوشربا اضافہ
November 24, 2020

ابھی تو کورونا وائرس کی پہلی لہر کے اثرات ختم نہیں ہوئے تھے، کہ عالمی وبا نے ایک پھر دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

امریکا میں کورونا متاثرین کی تعداد میں 24 گھنٹوں کے دوران پونے دو لاکھ مریضوں کا ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا، متاثرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 28 لاکھ کے قریب جا پہنچی، واشنگٹن یونیورسٹی کی تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئندہ برس جنوری میں جوبائیڈن کے اقتدار سنبھالنے تک امریکا میں کورونا متاثرین کی تعداد 2 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔

امریکی ریاستوں نیویارک اور کیلیفورنیا میں حالات دیگر ریاستوں کی نسبت زیادہ خراب ہیں، کیلیفورنیا کے اسپتالوں میں جگہ کم پڑنے لگی ہے، جبکہ نیویارک میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کو دفنانے کیلئے ہی جگہ نہیں بچی، امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وبا کی پہلی لہر کے دوران ہلاک ہونے والے 600 سے زائد مریضوں کی لاشیں تاحال فریزر ٹرکوں میں پڑی ہیں۔

دوسری جانب اٹلی، فرانس، ایران اور روس میں یومیہ ہلاکتوں میں اضافے نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، کورونا کی یومیہ اموات 100 سے بھی کم ہوجانے کے بعد اب غیرمعمولی شرح دوبارہ بڑھنے لگی ہے، گزشتہ روز اٹلی میں 630، فرانس میں 500 ، ایران میں 453 اور روس میں 453 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔

ترکی میں کورونا وبا پھوٹنے کے بعد سب سے زیادہ کیسز اور اموات رپورٹ ہو گئیں، گزشتہ روز ترکی میں 153 اموات اور 6713 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اردوان حکومت نے گزشتہ ہفتے ہی سخت پابندیاں نفاذ کردی تھیں۔