Friday, April 26, 2024

دنیا بھر میں کورونا وباء کی دوسری لہر میں شدت، متعدد ممالک میں لاک ڈاؤن

دنیا بھر میں کورونا وباء کی دوسری لہر میں شدت، متعدد ممالک میں لاک ڈاؤن
November 18, 2020

نیو یارک (92 نیوز) دنیا بھرمیں کورونا وبا کی دوسری لہر میں شدت،، متعدد ممالک میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیاگیا ۔ امریکا، آسٹریلیا، اسکاٹ لینڈ، آسٹریا، نیدر لینڈز اور سویڈن سمیت کئی ممالک میں پابندیاں مزید سخت کر دی گئیں، دہلی کے وزیراعلیٰ نے  بھی کیسز بڑھنے پر دوبارہ لاک ڈاؤن کا مطالبہ کر دیا۔

کورونا کی دوسری لہر میں شدت آگئی ، دنیا کے کئی ممالک میں دوبارہ سخت پابندیاں نافذ کر دی گئیں،امریکی ریاست اوہائیو میں تین ہفتے کیلئے رات کے اوقات میں کرفیو نافذ کر دیا گیا۔

ایلےنوئے میں تیسرے درجے کی پابندیوں کا نفاذ کرتے ہوئے تفریحی مقامات اور ریسٹورنٹس کو بند کر دیا گیا جبکہ ریاست کولو راڈو میں بھی تفریحی اور ان ڈور سرگرمیوں کو محدود کر دیا گیا ہے۔

جنوبی آسٹریلیا میں 6 روزہ لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے ،نئی پابندیوں کے تحت لوگوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی ہوگی ، اسکولز، یونیورسٹیاں اور تعمیراتی سیکٹر بھی  بند رہیں گے۔

اسکاٹ لینڈ کے 32 میں سے 11 کونسل ایریاز میں سخت پابندیاں نافذ کرنے کا اعلان کر دیا گیا ۔  20 نومبر سے 11 دسمبر تک لوگوں کے بلا ضرورت گھروں سے نکلنے پر پابندی ہو گی،جبکہ تفریحی مقامات بھی بند رہیں گے۔

آسٹریا میں ملک گیر لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے غیر ضروری کاروبار اور تفریحی مقامات بند کر دیے گئے ہیں جبکہ طبی اور بنیادی ضروریات کے حصول کے علاوہ شہریوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ لاک ڈاؤن کے اختتام پر بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹ کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔

نیدر لینڈز کے وزیراعظم نے دسمبر کے وسط تک لاک ڈاؤن نافذ رکھنے کا اعلان کیا ہے جبکہ سویڈن میں آٹھ لوگوں سے زائد کے اکٹھے ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، اُدھر دہلی کے وزیر اعلیٰ نے کورونا کیسز بڑھنے پر مودی حکومت سے دوبارہ لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا ہے۔