Wednesday, May 1, 2024

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سبب ہلاکتیں 5 لاکھ 92 ہزار سے تجاوز کر گئیں

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سبب ہلاکتیں 5 لاکھ 92 ہزار سے تجاوز کر گئیں
July 17, 2020
 نیو یارک (92 نیوز) دنیا بھرمیں کورونا وائرس کے سبب ہلاکتیں 5 لاکھ 92 ہزار سے تجاوز کر گئیں۔ متاثرین کی تعداد بھی ایک کروڑ 40 لاکھ کے قریب جا پہنچی ہے۔ امریکا میں کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافے کیساتھ متاثرین کی مجموعی تعداد 37 لاکھ کے قریب جا پہنچی ہے جبکہ مزید 900 سے زائد ہلاکتوں کیساتھ  وبا کی بھینٹ چرھنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 41 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ یومیہ اموات کے لحاظ سے برازیل پہلے نمبر پر ہے۔ جنوبی امریکی ملک میں روزانہ ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہو رہی ہیں۔ برازیل میں کورونا وائرس کے سبب مجموعی طور پر تقریباً 77 ہزار افراد ہلاک اور 20 لاکھ سے زائد متاثر ہوئے ہیں۔ ایشیا میں کورونا وبا کا نیا مرکز بھارت مجموعی کیسز کے لحاظ سے دنیا میں تیسرے نمبر پر آ چکا ہے۔ وہاں کورونا متاثرین کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 25 ہزار سے زائد مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔ وبا کے پھیلاؤ کے لحاظ سے روس چوتھے نمبر پر ہے جہاں کورونا متاثرین کی تعداد ساڑھے سات لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ تقریباً 12 ہزار افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ہمسایہ ملک ایران میں کورونا متاثرین کی یومیہ اموات ایک بار پھر بڑھ گئی ہیں۔ ہر روز کم و بیش 200 اموات رپورٹ ہو رہی ہیں جبکہ متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 70 ہزار کے قریب ہے۔ سعودی عرب میں عالمی وبا کافی حد تک قابو میں ہے۔ 2 لاکھ 43 ہزار متاثرین میں سے ایک لاکھ 87 ہزار صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 2 ہزار 370 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔