Thursday, May 9, 2024

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے مجموعی ہلاکتیں ایک لاکھ دس ہزار تک پہنچ گئی

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے مجموعی ہلاکتیں ایک لاکھ دس ہزار تک پہنچ گئی
April 13, 2020
 واشنگٹن (92 نیوز) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے حملے جاری ہیں۔ مجموعی ہلاکتیں ایک لاکھ دس ہزار تک پہنچ گئی۔ کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین 17 لاکھ 92 ہزار سے تجاوز کر گئے۔ کورونا وائرس نے پوری دنیا کواپنی گرفت میں لے رکھا ہے۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ خوفناک داستانیں رقم ہونے لگیں۔ اب تک کورونا سےایک لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد ہلاک جبکہ اٹھارہ لاکھ کے قریب متاثر ہو چکے ہیں۔ امریکا اب کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد کے بعد ہلاکتوں کی تعداد کے حوالے سے بھی سرفہرست ملک بن گیا جہاں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد اٹلی سے تجاوز کرگئی ہے۔ امریکا میں وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ساڑھے 20 ہزار اور متاثرین کی تعداد 5 لاکھ بتیس ہزار سے تجاوز کر گئی۔ یورپ میں اس وقت سب سے سنگین صورتحال کا سامنا برطانیہ کو کرنا پڑرہا ہے جہاں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد نو ہزار آٹھ سو پچھتر تک پہنچ چکی ہے۔ وائرس کے شکار وزیراعظم بورس جانسن اسپتال میں زیر علاج ہیں تاہم انکی حالت میں بہتری آ رہی ہے۔ اٹلی میں پچھلے 24 گھنٹوں میں چھ سو انیس ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں ۔ اسپین میں366 افراد ہلاک جبکہ ساڑھے تین ہزار سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔ بیلجیئم میں254، نیدرلینڈز میں ایک سو بتیس اور ایران میں117 جبکہ ترکی میں پچانوے ہلاکتیں رپورٹ ہو چکی ہیں۔ سعودی عرب میں چوبیس گھنٹوں میں پانچ افراد دم توڑ گئے، مجموعی اموات باون جبکہ متاثرین کی تعداد چار ہزار تینتیس ہوچکی ہے۔ سعودی فرمانروا شاہ سلیمان نے سعودی عرب میں کیسز میں تیزی سے اضافے کے باعث کرفیو میں غیر معینہ مدت تک توسیع کی منظوری دے دی۔