Thursday, May 2, 2024

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی شدت میں بتدریج کمی آنے لگی

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی شدت میں بتدریج کمی آنے لگی
May 5, 2020

نیو یارک  ( 92 نیوز) دنیا بھر میں دہشت کی علامت  بننے والے کورونا وائرس  کی شدت میں بتدریج کمی  آنے لگی ،  امریکا اور یورپ سمیت کئی ممالک میں یومیہ ہلاکتوں کا گراف حوصلہ افزا حد تک گر گیا جس کے بعد لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار نرمی  بھی کردی گئی ہے  ، اب تک وائرس سے دنیا بھر میں  چھتیس لاکھ سے زائد  افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

عالمی سطح پر کورونا وائرس کا پھیلاؤ تو نہیں رکا لیکن کئی ممالک میں اب اس کا زور ٹوٹ رہا ہے،امریکا سے لے کر یورپ تک یومیہ ہلاکتوں میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے ۔ ایران میں کورونا سے  63 اموات اور 1323 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ مجموعی اموات 6340 اور متاثرین 99 ہزار 970 ہوگئے لیکن دن بدن کورنا کے پھیلاؤ میں کمی ہورہی ہے جسکی وجہ سے لاک ڈاؤن میں بھی نرمی کردی گئی ہے۔

روس میں مسلسل تیسرے روزکورونا کے 10 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے، متاثرین کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 55 ہزار 370 ہوگئی ، اب روس میں کورونا کا پھیلاؤخطرناک صورتحال اختیار کرتا جارہاہے جبکہ امریکہ،برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک میں اموات کی شرح میں حیرت انگیز کمی واقع ہوئی ہے۔

کورونا متاثرین کی عالمی تعداد 36 لاکھ 62 ہزارسے بڑھ چکی ہے  ، دنیا بھرمیں کورونا کے 12 لاکھ سےزائد مریض صحتیاب، ہلاک افراد کی تعداد2 لاکھ 52ہزارسےتجاوزکرچکی ہیں ۔ امریکا میں ایک  لاکھ 88 ہزار، اسپین میں 1لاکھ51 ہزار سے زائد مریض صحتیاب جبکہ جرمنی میں 1لاکھ 35ہزار، اٹلی میں تقریباً 83 ہزارمتاثرین صحتیاب ہوچکے ہیں۔

ایران میں 80 ہزار475 ، چین میں 77 ہزار853 مریض ،ترکی میں 68ہزار166، فرانس میں 51ہزار371 متاثرین صحتیاب ہوچکے ہیں ، یورپی ملک اٹلی میں جہاں کورونا وائرس موت بن کر قہر ڈھا رہا تھا ۔ 24 گھنٹوں میں 195 افراد لقمہ اجل بنے ہیں جو 10 مارچ کے بعد یعنی تقریباً 8 ہفتوں کے دوران رپورٹ ہونے والی سب سے کم ہلاکتیں ہیں۔

اسپین میں بھی 4 مئی کا دن ایک امید ثابت ہوا جہاں  6 ہفتوں بعد پہلی بار سب سے کم 164 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں، اسپین میں مجموعی ہلاکتیں 25 ہزار 428 ہوگئیں ۔ اُدھر برطانیہ، فرانس، بیلجیئم، سویڈن، نیدرلینڈز سمیت کئی ممالک میں بھی یومیہ ہلاکتیں پہلے کی نسبت بہت کم رہ گئی ہیں۔