Thursday, March 28, 2024

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 64 ہزار 710 ہو گئیں

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 64 ہزار 710 ہو گئیں
April 5, 2020
 پیرس (92 نیوز) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 64 ہزار 710 ہو گئیں۔ فرانس میں مزید 1053، امریکا میں 1048، اسپین میں 749، برطانیہ میں 708، جرمنی میں 169 اور نیدرلینڈز میں مزید 164 مریض ہلاک ہو گئے۔ کورونا وائرس نے ساری دنیا کو بدترین انسانی بحران سے دوچار کر رکھا ہے۔ لاک ڈاؤن کی بےیقینیوں میں اپنے گھروں تک محدود ہو جانے والے اربوں انسان وبا کے جلد خاتمے کیلئے کسی معجزے کے منتظر ہیں۔ امریکا میں مسلسل چوتھے روز بھی ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جبکہ متاثرین کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ امریکی صدر نے آئندہ ہفتوں میں ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کورونا وائرس سے بدترین حد تک متاثرہ نیویارک میں ایک ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان کر دیا ہے جن میں ڈاکٹر، نرسیں اور ریسپائریٹری اسپیشلسٹ شامل ہوں گے۔ اٹلی میں مجموعی ہلاکتیں 15 ہزار 362 تک جا پہنچی ہیں اور اب تک تقریباً سوا لاکھ اطالوی شہری کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ اُدھر اسپین میں کورونا متاثرین کی تعداد اٹلی سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔ برطانیہ میں ہر دوسرا دن پہلے سے زیادہ خوفناک ہوتا جا رہا ہے۔ ریکارڈ 708 مریضوں کی ہلاکت سے برطانیہ میں ہلاک ہونے والے مریضوں کی تعداد 4 ہزار 313 ہو گئی ہے جبکہ کورونا متاثرین تقریباً 42 ہزار ہیں۔ ایران میں کورونا کی بھینٹ چڑھنے والوں کی تعداد 3 ہزار 452 اور متاثرین 55 ہزار 743 ہیں جن میں سے 20 ہزار صحتیاب ہو چکے ہیں۔ ترکی میں بھی کورونا کے حملے تیز ہوتے جا رہے ہیں۔ وہاں 500 سے زائد کورونا متاثرین جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سعودی عرب میں 2179 افراد کورونا میں مبتلا ہوئے جن میں سے 29 ابدی نیند سو چکے ہیں۔