Tuesday, April 23, 2024

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 33 ہزار 993 ہو گئیں

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 33 ہزار 993 ہو گئیں
March 30, 2020
 روم (92 نیوز) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 33 ہزار 993 اور متاثرین 7 لاکھ 23 ہزار سے بڑھ گئے۔ کورونا وائرس نے ساری دنیا میں پنجے گاڑ لئے۔ یورپی نظام صحت کی بنیادیں ہلانے کے بعد امریکا کو بھی کڑے امتحان میں ڈال دیا۔ گزشتہ روز اٹلی میں 756 کورونا متاثرین ہلاک ہوئے جس کے باعث یورپی ملک میں مجموعی ہلاکتیں 10 ہزار 779 ہو گئیں جب کہ متاثرین کی تعداد تقریباً 98 ہزار ہو چکی ہے۔ اسپین میں عالمی وبا مزید 821 زندگیاں نگل گئی اور 7 ہزار نئے کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد اسپین میں مجموعی ہلاکتیں 6 ہزار 800 سے زائد اور  متاثرین  80 ہزار سے بڑھ چکے ہیں۔ فرانس میں مزید 292 مریضوں کی ہلاکت سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 606 تک جا پہنچی۔ فرانس میں کورونا متاثرین کی تعداد 40 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ برطانیہ میں ہلاک ہونے والے مریضوں کی تعداد 1200 سے زائد ہے۔ برطانوی ڈپٹی میڈیکل چیف نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ برطانیہ میں زندگی معمول پر آنے میں 6 ماہ لگ سکتے ہیں۔ امریکا میں عالمی وبا کا گراف تیزی سے اوپر جا رہا ہے۔ گزشتہ 5 روز کے دوران امریکا بھر میں لگ بھگ 90 ہزار متاثرین رپورٹ ہوئے جس کے بعد کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 40 ہزار سے تجاوز کر گئی جب کہ تقریباً ڈھائی ہزار مریض لقمۂِ اجل بن چکے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ وائرس کا مزید پھیلاؤ روکنے کیلئے ٹرمپ نے سماجی دوریاں اختیار کرنے کی حکومتی ہدایات یا سوشل ڈسٹنسنگ گائیڈلائنز کی مدت میں 30 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔