Friday, May 17, 2024

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 2 لاکھ 67 ہزار 700 سے تجاوز

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 2 لاکھ 67 ہزار 700 سے تجاوز
May 8, 2020

لندن ( 92 نیوز)  دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں  2لاکھ 67ہزار700سے تجاوز کرگئیں جبکہ 38لاکھ 71ہزار متاثرین میں سے13لاکھ26ہزارسےزائد صحتیاب ہوچکے ہیں ، کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں روزبروز کمی دیکھی جارہی ہے۔

کورونا وائرس کا عالمی پھیلاؤ رکا، نہ ہی ہلاکتیں لیکن اب اکثر ممالک میں وبا کا زور غیر معمولی حد تک ٹوٹ گیا ہے،صحت یاب افراد کی بڑھتی تعداد دنیا کو امید کی روشن راہ دکھا رہی ہے۔

کورونا وائرس امریکا کیلئے ایک ڈراؤنا  خواب بن چکا ہے ، آج بھی 759 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس سے مجموعی تعداد 75ہزار500 سے تجاوز کرچکی ہیں جبکہ  متاثرین کی تعداد 12 لاکھ 71ہزارسے تجاوز کر چکی ہے۔

مجموعی ہلاکتوں کے لحاظ سے برطانیہ دوسرے نمبر پر آچکا ہے،24 گھنٹوں میں مزید 539افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں جس سے مجموعی ہلاکتیں 30 ہزار 600سے بڑھ چکی ہیں۔

اٹلی میں آج  مزید 274 افراد لقمہ اجل بنے جس سے مجموعی تعداد 29 ہزار900 سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ سپین میں213 افراد کے مرنے سے مجموعی ہلاکتیں 26 ہزار  سے بڑھ چکی ہیں۔

یورپی ملک اٹلی میں کورونا وائرس کا ’’پیک ٹائم‘‘ ختم ہو چکا ہے، وہاں 2لاکھ 14 ہزار تصدیق شدہ مریضوں میں سے 85 ہزار سے زائد صحتیاب ہو چکے ہیں ، لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد  سے اٹلی میں زندگی معمول کی جانب لوٹنے لگی ہے۔

ایران میں بھی عالمی وبا قابو میں آ گئی ہے، ہمسایہ ملک میں کورونا وائرس نے تقریباً ایک لاکھ افراد کو بیمار کیا جن میں سے 82 ہزار 700مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ 6486 اموات کے بعد زیر علاج مریضوں کی تعداد کم و بیش 13 ہزار رہ گئی ہے۔