Friday, March 29, 2024

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ایک لاکھ چونتیس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ایک لاکھ چونتیس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے
April 16, 2020
 واشنگٹن (92 نیوز) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ایک لاکھ چونتیس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متاثرین کی تعداد بھی بیس لاکھ سے تجاوز کر گئی ۔ عالمی وبا امریکا میں ہر روز تباہی کی نئی داستان رقم کرنے لگی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈھائی ہزار سے زائد افراد مہلک وائرس کی بھینٹ چڑھ گئے ۔ کورونا وائرس امریکا میں 28 ہزار سے زائد افراد کو ہلاک اور تقریباً ساڑھے 6 لاکھ کو متاثر کر چکا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ  کا کہنا ہے کہ  ملک میں کورونا  کی وبا کی انتہا گزر چکی ہے اور  وہ ملک میں کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کیلئے  اقدامات کا اعلان کریں گے۔ وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست نیویارک  کے  شہریوں کو ماسک پہننے کی ہدایت جاری کردی گئی   جس کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ فرانس بھی کورونا وائرس سے شدید متاثر ہو رہا ہے وہاں آج بھی 1400 سے زائد مریض ہلاک ہو گئے جس کے باعث مجموعی ہلاکتیں 17 ہزار سے تجاوز کرگئیں۔ برطانیہ میں مزید 761 مریضوں کی ہلاکت سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد تقریباً 13 ہزار ہو گئی ہے۔ اٹلی میں مجموعی ہلاکتیں 21 ہزار 645 ہو چکی ہیں تاہم یورپی ملک میں اب کورونا کے پھیلاؤ میں کمی آنے لگی ہے ۔ یومیہ کیسز کی تعداد کم ہوتے ہوتے 2667 تک آپہنچی ہے اور ملک میں جاری لاک ڈاؤن میں بھی نرمی کی جاچکی ہے۔ اسپین میں عالمی وبا تقریباً 19 ہزار زندگیاں نگلنے کے بعد کسی حد تک قابو میں آنا شروع ہوگئی ہے۔ دوسری جانب ایران میں 14 مارچ کے بعد چوبیس گھنٹوں میں سب سے کم 94 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد ہمسایہ ملک میں مجموعی اموات 4 ہزار 777 ہو گئیں۔ دنیا بھر میں کورونا کے 5 لاکھ سے زائد مریض صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔ چین میں 77 ہزار 816 مریضوں نے مہلک وائرس کو شکست دی جبکہ جرمنی میں 72 ہزار سے زائد، اسپین میں تقریباً 71 ہزار اور ایران میں 50 ہزار کورونا متاثرین صحتیاب ہوئے ہیں۔