Thursday, April 25, 2024

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 90 ہزار کے قریب پہنچ گئیں

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 90 ہزار کے قریب پہنچ گئیں
April 9, 2020
 لندن (92 نیوز) کورونا وائرس کا اثر نہ تھما۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 90 ہزار کے قریب پہنچ گئیں۔ کورونا وبا کے باعث صرف یورپ میں 60 ہزار سے زائد افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔ اسپین میں وائرس نے مزید 446 زندگیاں چھین لیں اور ایک لاکھ 48 ہزار مریضوں کے ساتھ دنیا میں دوسرے نمبر پر آگیا جبکہ اموات 15 ہزار 238 تک پہنچ گئیں۔ برطانیہ میں کورونا سے 938 افراد موت کا شکار بن گئے جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار سے اوپر چلی گئی اور 60 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ اٹلی میں بھی 542 لوگ جان سے گئے، فرانس میں 541، بیلجیئم میں 205 او نیدر لینڈز میں 147 اموات سامنے آئی ہیں۔ امریکا مسلسل بدترین صورت حال سے دو چار ہے۔ دوسرے روز بھی تقریبآ 2000 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 35 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ بھارت میں مزید 565 مریض سامنے آنے کے بعد تعداد 5 ہزار 916 ہو گئی۔ بھارتی حکومت نے دارالحکومت نئی دہلی اور ممبئی سمیت سوا ارب سے زائد افراد کے لیے ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا ہے۔ ایران میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 121 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 4 ہزار سے بڑھ گئی۔ دوسری جانب دنیا بھر میں وبا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ  29 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ ادھر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کورونا کے خلاف مل کر لڑنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بین الاقوامی برادری اس وائرس اور اس کی وجہ سے ہونے والے نتائج کو روکنے کے لیے یکجہتی کے ساتھ مل کر کام کرے۔