Wednesday, April 24, 2024

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 97 ہزار سے تجاوز کر گئی

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 97 ہزار سے تجاوز کر گئی
April 10, 2020
 روم (92 نیوز) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 97 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ اب تک 16 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنے شکنجے میں لے لیا۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ ہزاروں اموات اور نئے متاثرین سامنے آنے لگے ۔دنیا کا طاقتور ترین ملک بھی نظر نہ آنے والے قاتل وائرس کے سامنے بے بس ہو گیا۔ امریکا کورونا وائرس سے ہونے والی اموات میں اٹلی کے بعد دوسرے نمبر پر آ گیا۔ امریکا میں ساڑھے سولہ ہزار سے زائد افراد ہلاک جبکہ متاثرین پانچ لاکھ کے قریب پہنچ چکے ہے۔ برطانیہ کی صورتحال بھی سنگین ہے جہاں مزید آٹھ سو اکیاسی ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔ چار ہزار تین سو چوالیس نئے کیسز کے ساتھ برطانیہ میں متاثرین کی تعداد پینسٹھ ہزار ستتر ہو گئی ہے۔ وزیراعظم بورس جانسن کو طبیعت میں بہتری کے بعد انتہائی نگہداشت یونٹ سے جنرل وارڈ میں منتقل کر دیا گیا۔ اٹلی میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتیں بتدریج کم ہونے لگیں۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران چھے سو دس افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ چار ہزار دو سو چار میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اسپین میں ایک دن میں مزید چار سو چھیالیس مریض لقمہ اجل بنے اور متاثرین کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے بڑھ چکی ہے۔ ایران میں چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید ایک سو اکیس افراد کے انتقال کے بعد تعداد چار ہزار سے بڑھ گئی۔ بھارت میں بھی مزید پانچ سو پینسٹھ مریض سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد چھے ہزار تک پہنچ گئی۔ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے وبا سے نمٹنے کیلئے 500 ارب یورو مالیت کے ریسکیو پیکج کا اعلان کر دیا۔ ادھرآئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا نے کورونا سے پیدا ہونے والے صدی کے بدترین معاشی بحران سے دنیا کو نکالنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وبا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس موقع پر ہمیں پہلے سے زیادہ یک جہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔