Thursday, May 9, 2024

دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں ایک لاکھ 14 ہزار سے تجاوز، 18 لاکھ 53 ہزار متاثر

دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں ایک لاکھ 14 ہزار سے تجاوز، 18 لاکھ 53 ہزار متاثر
April 13, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد اٹھارہ لاکھ 53 ہزار جبکہ اموات ایک لاکھ چودہ ہزار سے تجاوز کر گئیں، اس وقت کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے، اٹلی اور اسپین کے بعد ایران میں بھی یومیہ اموات میں کمی ہونے لگی۔ کورونا وائرس نے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور ہر آنے والا دن کرہ ارض کے باسیوں کیلئے ہولناک ہوتا جا رہا ہے۔ اس وقت کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے جہاں 22 ہزار 115 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں بلکہ وائرس سے سب سے زیادہ ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد افراد بھی متاثر ہوئے ہیں۔ وائرس سے امریکی ریاست نیویارک سب سے زیادہ متاثرہ ہوئی ہے جہاں 24 گھنٹوں میں مزید 783 اموات ہو چکی ہیں۔ چین میں وباء پھر سے پھیلنا شروع ہوگئی۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 108 نئے کیس سامنے آ گئے جو پچھلے پانچ ہفتوں میں چین میں کورونا وائرس کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ جبکہ مزید 2 افراد جان سے بھی گئے ہیں، جس کے بعد چین میں ہلاکتوں کی مجموعی تعدد 3 ہزار 341 تک پہنچ گئی ہے۔ اسپین میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کمی آئی تھی لیکن اب ایک مرتبہ پھر اس میں اضافہ ہوا ہے اور مزید 619 موت کے منہ میں چلے گئے اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔ یورپ میں اس وقت سب سے سنگین صورتحال کا سامنا برطانیہ کو کرنا پڑ رہا ہے جہاں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے دس ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ اٹلی اور فرانس میں مرنے والوں کی تعداد میں نسبتاً کمی آئی ہے جبکہ آئی سی یو میں موجود مریضوں کی تعداد میں بھی کمی ہوئی ہے۔ اٹلی میں پچھلے 24 گھنٹوں میں چھ سو انیس، بیلجیئم میں تین سو ستائیس، نیدرلینڈز میں ایک سو بتیس ہلاکتیں رپورٹ ہوچکی ہیں۔ ایران میں مزید ایک سو پچیس افراد جاں بحق ہوگئے، ترکی میں ستانوے، انڈونیشیا میں چھیالیس ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں، بھارت میں مزید تنتالیس مریض لقمہ اجل بن گئے، روس میں بھی صورتحال سنگین ہوگئی، جہاں چوبیس گھنٹوں میں مزید چوبیس متاثرین ہلاک ہوچکے ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن کے باعث مسیحی برادری ایسٹر کی تقریبات کے لیے چرچز نہ جا سکی اور پوپ فرانسس سمیت دنیا کے متعدد ممالک کے پادریوں نے ایسٹر کی عبادات آن لائن شرکت کیں۔