Thursday, May 9, 2024

دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں 83 ہزار سے تجاوز کر گئیں

دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں 83 ہزار سے تجاوز کر گئیں
April 8, 2020

نیو یارک ( 92 نیوز) کورونا وائرس نے پوری دنیا کو بدترین انسانی بحران سے دوچار کردیا ، دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 83 ہزارسے تجاوز کرگئیں ، امریکا میں مزید 16،اسپین 510،ایران میں 121 اوربیلجیئم میں 225 مریض ہلاک ہو گئے ، کورونا متاثرین کی عالمی تعداد 14 لاکھ 50ہزار سے تجاوز کر گئی۔

کورونا وائرس نے ساری دنیا کو بدترین انسانی بحران سے دوچار کردیا، ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے  ، لاک ڈاؤن کی بےیقینیوں میں اپنے گھروں تک محدود ہو جانے والے اربوں انسان وبا کے جلد خاتمے کیلئے کسی معجزے کے منتظر ہیں ، امریکہ سمیت پورا یورپ اس ان دیکھی آفت کے سامنے بے بسی کی تصویر بن گئے۔

امریکا میں مسلسل چھٹے روز  2 ہزار سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں ، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق نیویارک کی رنگیاں سناٹوں میں تبدیل ہوگئیں، ایک دن میں ہزار سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں ، اسپتال مریضوں سے بھر چکے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے ۔

اٹلی میں مجموعی ہلاکتیں 17 ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں اور اب تک تقریباً ایک لاکھ 35ہزار اطالوی شہری کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں، اُدھر اسپین میں کورونا متاثرین کی تعداد اٹلی سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔ آج بھی 510 افراد لقمہ اجل بنے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 1لاکھ 46 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔

برطانیہ میں ہر دوسرا دن پہلے سے زیادہ خوفناک ہوتا جا رہا ہے،  برطانیہ میں ہلاک ہونےوالے مریضوں کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ کورونا متاثرین تقریباً 55 ہزار ہو چکے ہیں۔

ایران میں کورونا کی بھینٹ چڑھنے والوں کی تعداد 3ہزار993اور متاثرین64 ہزار500 ہیں جن میں سے 27 ہزارصحتیاب ہوچکے ہیں۔ ترکی میں بھی کورونا کے حملے تیز ہوتے جا رہے ہیں وہاں 700 سے زائد کورونا متاثرین جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

سعودی عرب میں  2179 افراد کورونا میں مبتلا ہوئے، جن میں سے 30 سے زائد ابدی نیند سو چکے ہیں۔