Tuesday, May 7, 2024

دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں 5 لاکھ، کیس ایک کروڑسے تجاوز

دنیا بھر میں کورونا  سے ہلاکتیں 5 لاکھ، کیس ایک کروڑسے تجاوز
June 28, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں 5 لاکھ، کیسز ایک کروڑسے بڑھ گئے ہیں، امریکا میں سب سے زیادہ ایک لاکھ 28 ہزار اموات ہوئی ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد 25 لاکھ 96 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ دنیا بھر میں 54لاکھ سے زائد افراد کورونا سے صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس کا پھیلاؤ رکا نہ ہی ہلاکتیں رکیں، دنیا بھر کے انسان، ویکسین کی جلد دستیابی کیلئے ماہرین کی راہ تکنے لگے۔ کورونا وائرس کا ہر چوتھا مریض امریکا میں موجود ہے، وہاں کورونا متاثرین کی تعداد 26 لاکھ کے قریب جا پہنچی ہے، جبکہ ہلاک مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ برازیل میں کورونا متاثرین کی تعداد 13 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے، یومیہ اموات کے لحاظ سے پہلے نمبر پر موجود ملک برزایل میں کورونا وائرس کے سبب مجموعی ہلاکتیں 57 ہزار سے بڑھ گئی ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لحاظ سے روس کا تیسرا نمبر ہے، وہاں سوا چھ لاکھ سے زائد افراد عالمی وبا سے متاثر ہوئے ہیں، جبکہ ہلاک مریضوں کی تعداد تقریباً 9 ہزار ہو چکی ہے۔ کورونا متاثرین کی چوتھی بڑی تعداد بھارت میں موجود ہے، ایشیائی ملک میں سوا پانچ لاکھ سے زائد افراد کورونا وبا سے متاثر ہوئے، جن میں سے 16 ہزار سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں۔ کورونا متاثرین کی تعداد نے برطانیہ کو دنیا میں پانچویں نمبر پر لاکھڑا کیا ہے، وہاں کورونا وائرس سے بیمار مریضوں کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ ہلاکتوں کے لحاظ سے برطانیہ کا تیسرا نمبر ہے، وہاں ساڑھے 43 ہزار سے کورونا متاثرین ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسپین میں دو لاکھ 95 ہزار افراد، پیرو میں دو لاکھ 72 ہزار، چلی میں دو لاکھ 67 ہزار،اٹلی میں دو لاکھ 40 ہزار اور ایران میں دو لاکھ بیس ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں، کورونا سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں پاکستان کا بارہواں نمبر  ہے، دنیا بھر میں 54لاکھ سے زائد افراد کورونا سے صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔