Tuesday, April 23, 2024

دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں 31 ہزار 920 ہو گئی

دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں 31 ہزار 920 ہو گئی
March 29, 2020
روم (92 نیوز) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 31 ہزار 920 ہوگئیں، کورونا متاثرین کی عالمی تعداد 6 لاکھ 64 سے تجاوز کر چکی ہے۔ گزشتہ روز اٹلی میں مزید 889، اسپین میں 844، امریکا میں 525، فرانس میں 319، برطانیہ میں 260 مریضوں نے دم توڑ دیا۔ آج جنوبی کوریا میں مزید 8 اور چین میں 5 ہلاکتیں رپورٹ ہو گئیں۔ اٹلی 10 ہزار سے زائد ہلاکتوں والا پہلا ملک ہے، تعداد 10 ہزار23 ہو گئی۔ اسپین میں مجموعی طور پر 5 ہزار 982، چین میں 3 ہزار 300، ایران میں 2 ہزار 517، فرانس میں 2 ہزار 314، امریکا میں 2 ہزار 229 اور برطانیہ میں اب تک 1019 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔ چین کے شہر ووہان سے پھوٹنے والے کورونا وائرس نے جب سے عالمی وبا کا روپ دھارا ہے، ساری دنیا پر خوف چھایا ہے، یورپ موت کا مرکز اور امریکا بیماروں کا گڑھ بن چکا ہے۔ گزشتہ روز مزید 889 مریضوں کی ہلاکت سے اٹلی دنیا کا وہ پہلا ملک بن گیا جہاں 10 ہزار سے زائد کورونا متاثرین ہلاک ہو چکے ہیں، اب تک پورے اٹلی میں رپورٹ ہونے والے کورونا متاثرین کی تعداد 92 ہزار سے زائد ہے۔ اسپین میں عالمی وبا کی بدترین تاریخ 28 مارچ تھی،،، جب 844 افراد لقمہ اجل بنے۔ اور متاثرین کی تعداد میں ساڑھے سات ہزار کا اضافہ ہوا۔ اسپین میں مجموعی ہلاکتیں تقریباً 6 ہزار تک جا پہنچی ہیں۔ فرانس میں مزید 319 کورونا متاثرین ہلاک ہو گئے جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 314 تک پہنچ گئی، فرانس میں 37 ہزار 575 افراد کورونا میں مبتلا ہوچکے ہیں، برطانیہ میں بھی ہلاکتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، وہاں ایک ہزار سے زائد کورونا متاثرین دم توڑ چکے ہیں۔ گزشتہ دو روز امریکیوں کیلئے بدترین ثابت ہوئے، ہلاکتوں کے علاوہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی تقریباً دگنی ہو گئی۔ امریکا بھر میں تقریباً سوا لاکھ کورونا متاثرین اور 2200 سے زائد اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک کو قرنطینہ میں تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ صدر ٹرمپ نے نیویارک، نیوجرسی اور کنیکٹی کٹ کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی۔ ریاستوں کو قرنطینہ قرار دینا ضروری نہیں ہے۔