Saturday, April 20, 2024

دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں 11 ہزار 405 ہوگئیں

دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں 11 ہزار 405 ہوگئیں
March 21, 2020
روم (92 نیوز) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ 11 ہزار 405 افراد ہلاک ہو گئے۔ 2 لاکھ 76 ہزار سے زائد متاثر ہوچکے ہیں، اٹلی میں ایک ہی روز میں 627 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ برطانیہ میں کیفے بارز اور ریستوران بند کردئیے گئے، متحدہ عرب امارات میں بھی کورونا وائرس سے 2 ہلاکتیں سامنے آگئیں۔ کورونا وائرس ایک سو پچاسی ممالک میں پھیل چکا ہے اور ہر گزرتے دن کیساتھ بے قابو ہوتا جارہا ہے۔ اٹلی پر ایک اور دن قہر بن کر ٹوٹا جہاں چوبیس گھنٹے میں مزید 627 افراد وائرس کا شکار ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ اطالوی حکومت نے مزید اقدامات اٹھاتے ہوئے شہریوں کے پارکس آنے پر پابندی لگادی اور انہیں گھر پر ہی ورزش کرنے کی ہدایت کی۔ وائرس کے باعث اسپین میں 1093، فرانس میں 450 اور جرمنی میں ارسٹھ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ برطانیہ میں وائرس کی روک تھام کیلئے وزیر اعظم بورس جانسن نے کیفے، ریستوران اور بارز کو غیر معینہ کیلئے بند کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے عوام سے غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی اپیل بھی کی۔ دوسری جانب جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے مزید 8 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جہاں مرنے والوں کی تعداد ایک سو دو ہوگئی۔ مزید ایک سو سینتالیس کیسز میں بھی سامنے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس  سے پہلی دو ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں، اسرائیل میں بھی وائرس سے متاثرہ پہلا شخص دم توڑ گیا۔ ایران میں اب تک ایک ہزار چار سو تینتیس افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اُدھر عالمی ادارہ انصاف نے کورونا وائرس کے پیش نظر تمام سماعتیں سولہ اپریل تک ملتوی کردی ہیں۔