Thursday, April 18, 2024

دنیا بھر میں کورونا سے مجموعی اموات 25 لاکھ 42 ہزار سے تجاوز کر گئیں

دنیا بھر میں کورونا سے مجموعی اموات 25 لاکھ 42 ہزار سے تجاوز کر گئیں
March 1, 2021

واشنگٹن (92 نیوز) دنیا بھر میں کورونا بے قابو ہو گیا۔ ایک روز میں چھ ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے۔ مجموعی اموات 25 لاکھ 42 ہزار سے تجاوز کر گئیں۔

امریکا میں مزید 1283، میکسیکو 783 اور برازیل میں 755 اموات رپورٹ ہوئیں۔ روس میں 379 ، اٹلی 192 اور انڈونیشیا میں 185 افراد دم توڑ گئے۔ کورونا متاثرین کی عالمی تعداد 11 کروڑ 46 لاکھ 74 ہزار ہو گئی۔ دنیا میں 9 کروڑ 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

دوسری طرف کورونا وائرس کے نئے کیسز کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے سب سے بڑے شہر آکلینڈ میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔ وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے آکلینڈ میں 7 دنوں کے لئے سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ 14 مقامی افراد میں نئے کورونا وائرس کے کیسز کی تشخیص کے بعد کیا گیا ہے۔ شہریوں کو 3 دن تک گھروں میں رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔ شہریوں کو لیول تھری پابندیوں کا سامنا کرنا ہو گا۔ ضروری کام کے علاوہ کسی شخص کو گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

عوامی مقامات 7 دن تک بند رہیں گے، آکلینڈ کے علاوہ باقی ملک کو لیول ٹو پابندیوں کا سامنا کرنا ہو گا۔ 50 لاکھ آبادی والے ملک نیوزی لینڈ میں اب تک 2 ہزار افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ 26 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔