Thursday, May 2, 2024

دنیا بھر میں کورونا سے 35 لاکھ 66 ہزار افراد متاثر، 2 لاکھ 48 ہزار ہلاک

دنیا بھر میں کورونا سے 35 لاکھ 66 ہزار افراد متاثر، 2 لاکھ 48 ہزار ہلاک
May 5, 2020

نیو یارک ( 92 نیوز) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے 35 لاکھ 66 ہزار سے زائد متاثرین میں سے 11 لاکھ 54 ہزار صحتیاب ہوگئے ، امریکا اور یورپ سمیت کئی ممالک میں یومیہ ہلاکتوں کا گراف حوصلہ افزا حد تک گر گیا ، کورونا کے باعث مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 48 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

عالمی سطح پر کورونا وائرس کا پھیلاؤ تو نہیں رکا، تاہم کئی ممالک میں اب اس کا زور ٹوٹ چکا ہے ، صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ ’خوفزدہ دنیا‘ کو امید کی راہ دکھا رہا ہے۔

امریکا سے لے کر یورپ تک یومیہ ہلاکتوں میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے ، گزشتہ روز امریکا میں 1154 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیںجو 31 مارچ کے بعد ایک دن میں رپورٹ ہونے والی سب سے کم ہلاکتیں ہیں۔

یورپی ملک اٹلی میں جہاں کورونا وائرس موت بن کر قہر ڈھا رہا تھا ، گزشتہ روز 174 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں ، جو 10 مارچ کے بعد یعنی تقریباً 8 ہفتوں کے دوران رپورٹ ہونے والی سب سے کم ہلاکتیں ہیں۔

اسپین میں بھی 3 مئی کا دن ایک امید ثابت ہوا جہاں ساڑھے 6 ہفتوں بعد پہلی بار سب سے کم 164 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں اسپین میں مجموعی ہلاکتیں 25 ہزار 264 ہوگئیں۔

اُدھر برطانیہ، فرانس، بیلجیئم، سویڈن، نیدرلینڈز سمیت کئی ممالک میں بھی یومیہ ہلاکتیں پہلے کی نسبت بہت کم رہ گئی ہیں۔

ایران میں بھی یومیہ اموات کا گراف 9 مارچ کے بعد کم ترین سطح پر آ چکا ہے ، ہمسایہ ملک میں زیر علاج مریضوں کی تعداد کم ہوتے ہوتے 12 ہزار 799 رہ گئی ہے’’لو رسک ایریاز‘‘ میں مساجد اور اسکولز دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔

دنیا بھر میں ساڑھے گیارہ لاکھ سے زائد کورونا متاثرین صحتیاب ہو چکے ہیں ،امریکا میں پونے 2 لاکھ سے زائد، اسپین میں کم و بیش ڈیڑھ لاکھ جبکہ جرمنی میں ایک لاکھ تیس ہزار چھ سو مریضوں نے کورونا وائرس کو شکست دی ہے۔