Thursday, March 28, 2024

دنیا بھر میں کورونا سے 13 ہزار 67 ہلاک، 3 لاکھ 8 ہزار سے زائد متاثر

دنیا بھر میں کورونا سے 13 ہزار 67 ہلاک، 3 لاکھ 8 ہزار سے زائد متاثر
March 22, 2020
روم (92 نیوز) کورونا وائرس کا آسیب 188 ممالک تک پھیل گیا۔ دنیا بھر میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 13 ہزار 67 ہوگئی، 3 لاکھ 8 ہزار سے زائد متاثر ہیں، اٹلی میں ایک ہی روز میں 793 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ وزیراعظم جوزپے کونتے نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے کاروباری مراکز بند کرنے کا اعلان کردیا۔ امریکا میں کورونا وائرس کی پینتالیس منٹ میں تشخیص کرنے والی ٹیسٹ کِٹ تیار کرلی گئی۔ اٹلی میں کورونا وائرس کے باعث موت کا کھیل جاری ہے۔ ایک اور روز شہریوں پر قیامت صغریٰ ثابت ہوا۔ حکام کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید سات سو ترانوے افراد مہلک وائرس کا شکار ہوگئے جس کے بعد وہاں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد چار ہزار آٹھ سو سے تجاوز کرگئی ہے۔ تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر اطالوی وزیر اعظم جوزپے کونتے کا کہنا ہے، بنیادی ضروریات زندگی کی تیاری کے علاوہ باقی تمام فیکٹریوں اور صنعتیں بند کرنے کا اعلان کردیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ جنگ عظیم دوم کے بعد یہ اٹلی کیلئے سب سے مشکل وقت ہے، ریاست مشکل گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ دیگر یورپی ممالک میں بھی حالات انتہائی خراب ہیں۔ اسپین میں میں 285، فرانس میں 112 اور برطانیہ میں مزید چھپن افراد کورونا وائرس کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ دوسری جانب امریکا میں بھی صورتحال مسلسل بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے جہاں کورونا وائرس کے باعث تین سو پچاس کے قریب افراد ہلاک جبکہ چھبیس ہزار سے زائد متاثر ہوچکے ہیں۔ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے ہنگامی طور پر پہلی کورونا ریپڈ تشخیصی کٹ کی منظوری دے دی جس سے کورونا وائرس کا ٹیسٹ پینتالیس منٹ میں ہو سکےگا۔ ابتداء میں یہ کٹ اسپتالوں کی ایمرجنسی میں استعمال ہوگی جبکہ اس کی سپلائی کا آغاز تیس مارچ سے ہوگا۔ اُدھر آسٹریلیا نے کورونا وائرس کے نتیجے میں گرتی ہوئی معیشت کو سہارا دینے کیلئے ایک سو نواسی ارب ڈالر امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔