Sunday, September 8, 2024

دُنیا بھر میں کشمیری آج ”یوم الحاق پاکستان“ منارہے ہیں

دُنیا بھر میں کشمیری آج ”یوم الحاق پاکستان“ منارہے ہیں
July 19, 2016
لاہور (92نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری آج ”یوم الحاق پاکستان“ اس عزم کی تجدید کے ساتھ منا رہے ہیں کہ جنت نظیر وادی کا مستقبل صرف اور صرف پاکستان سے وابستہ ہے اور کشمیر میں ظلم کی رات چھٹ کر جلد آزادی کا سورج طلوع ہونے والا ہے۔ کشمیر کی تاریخ میں 19 جولائی 1947ءکا دن خاص اہمیت رکھتا ہے۔ یہ وہ وقت تھا جب ہندوستان انگریز کی غلامی کے سائے ختم ہو رہے تھے۔ برصغیر میں بڑی سیاسی تبدیلیاں رونما ہو رہی تھیں اور کلمہ طیبہ کی بنیاد پر چلنے والی تحریک کے پیش نظر پاکستان کی آزادی کا وقت قریب تھا۔ مسلم اکثریتی ریاستیں پاکستان کے ساتھ الحاق کا اعلان کر رہی تھیں۔ کشمیریوں نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا کہ ریاست جموں کشمیرکا الحاق پاکستان کے ساتھ ہونا چاہیے۔ یوں نظریاتی جماعت مسلم کانفرنس نے اپنی مجلس عاملہ کا ایک اہم اجلاس بلا کر الحاق پاکستان کی قرارداد منظور کی اور ڈوگرہ حکمران ہری سنگھ سے مطالبہ کیا کہ ریاست جموں کشمیر کا الحاق پاکستان کے ساتھ کیا جائے لیکن ڈوگرہ حکمران نے عوام کی خواہشات کے برعکس ریاست کا الحاق بھارت کے ساتھ کر دیا جس کے بعد ریاست کے عوام نے ڈوگرہ حکومت کے اس فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے جدو جہد کا آغاز کیا جو 70 سال گزرنے کے بعد اب بھی جاری ہے۔ اب تک لاکھوں افراد اپنے خون کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا۔