Thursday, April 25, 2024

دنیا بھر میں کرونا وائرس سے مجموعی اموات چار ہزار نو سو تراسی تک جا پہنچیں

دنیا بھر میں کرونا وائرس سے مجموعی اموات چار ہزار نو سو تراسی تک جا پہنچیں
March 13, 2020
 واشنگٹن (92 نیوز) دنیا بھر میں کرونا وائرس سے مجموعی اموات چار ہزار نو سو تراسی تک جا پہنچیں۔ ایک سو ستائیس ممالک میں ایک لاکھ چونتیس ہزار سات سو افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ عالمگیر وبا کرونا کے خونی وار جاری ہیں نہ ہلاکتیں تھمیں نہ نئے مریض سامنے آنا رک سکے۔ امریکا میں مزید پینسٹھ افراد میں کرونا کی تشخیص ہو گئی۔ ملک بھر میں متاثرین کی تعداد ایک ہزار سات سو سے بڑھ چکی ہے جن میں سے اکتالیس ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔ کینیڈا میں مزید کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ بھی وائرس کا شکار بن گئیں جس کے بعد خاتون اول صوفی اور ان کے شوہر کو قرنطینہ منتقل کر دیا گیا۔ ملک میں اب تک ڈیرھ سو سے زائد مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔ آسٹریلیا میں بگڑتی صورتحال پر وزیراعظم سکاٹ موری سن نے عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کر دی تاہم مذہبی تقریبات پر اس کا اثر نہیں ہو گا۔ آسٹریلیا میں ڈیرھ سو افراد متاثر اور تین ہلاک ہو چکے ہیں یورپی ممالک میں بھی کرونا اپنے پنجے پوری طرح گاڑ چکا ہے۔ اٹلی پندرہ ہزار سے زائد مریضوں اور ایک ہزار سے زائد ہلاکتوں کے ساتھ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اسپین میں تین ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ فرانس اور جرمنی میں بھی ڈھائی ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ ایران بھی کرونا پر قابو نہیں پا سکا۔ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے ایک اور مشیر علی اکبر ولایتی وائرس سے متاثر ہو گئے۔ ملک میں اب تک دس ہزار سے زائد مریض اور چار سو انتیس اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔ بھارت میں متاثرین کی تعداد پچھتہر تک پہنچ چکی ہے۔ ارجنٹائن نے یورپ، امریکا اور ایشیا کیلئے تمام پروازیں منسوخ کر دیں۔ چین میں صورتحال مکمل کنٹرول میں آتی جارہی ہے جہاں یومیہ ہلاکتیں دس سے بھی کم ہو چکی ہیں۔