Friday, April 19, 2024

دنیا بھر میں موسم کی سختیاں جاری، کینیڈا میں گرمی نے 17 زندگیاں نگل لیں

دنیا بھر میں موسم کی سختیاں جاری، کینیڈا میں گرمی نے 17 زندگیاں نگل لیں
July 5, 2018
اوٹاوا (92 نیوز) دنیا بھر میں موسم کی سختیاں جاری ہیں۔ کینیڈا میں شدید گرمی سترہ زندگیاں نگل چکی ہے۔ کینیڈا کے وسطی اور مشرقی علاقوں میں سورج سوا نیزے پر آگیا۔ بچے بڑے سب گرمی سے بے حال ہو گئے ہیں۔ جو موسم کی سختی کو بھگانے کیلئے پولز کا رخ کررہے ہیں۔ اب تک سترہ افراد گرمی کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔ حکام نے ڈاکٹروں کے ساتھ پولیس کو بھی الرٹ کر دیا ہے۔ ادھر بھارتی ریاست آسام بھی موسلادھار بارشوں کی لپیٹ میں ہے۔ دریائے برہم پترا میں طغیانی کے سبب چھپن دیہات سیلاب کی نذر ہوگئے  جس کی وجہ سے چالیس ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اب تک تیس افراد سیلابی ریلوں اور لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب نیپال میں بھی مون سون کی طوفانی بارشوں نے خطرناک صورتحال اختیار کر لی ہے۔ دارالحکومت کھٹمنڈو سمیت کئی مقامات میں سیلاب نے تباہی مچادی ہے۔  ہزاروں مکانات تیز رفتار پانی میں بہہ گئے۔ قدرتی آفت کے باعث ہونے والی ہلاکتیں سترہ تک جاپہنچی ہیں۔ اس ک علاوہ چین کے جنوبی علاقوں میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سیلابی ریلوں اور مٹی کے تودوں نے ہر شے کو تہس نہس کر ڈالا۔ مکانات اور سڑکیں تباہ ہو گئی ہیں۔ متاثرہ علاقوں سے بانوے ہزار افراد کو نکالا جا چکا ہے۔ مختلف حادثات میں ہونے والی اموات کی تعداد سولہ تک جا پہنچی ہے۔