Sunday, May 12, 2024

دنیا بھر میں دسواں محرم الحرام مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

دنیا بھر میں دسواں محرم الحرام مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا
August 30, 2020
کربلا (92 نیوز) دنیا بھر میں دسویں محرم الحرام مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ شہر شہر ماتمی جلوس برآمد ہوئے، مجالس برپاہوئیں اور عزاداروں نے ماتم کرکے امام عالی مقام ، نواسہ رسول حضرت حسین علیہ السلام اور ان کےرفقا کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ دس محرام الحرام، امام عالی مقام حضرت حسین ابن علی، ان کے خاندان اور رفقاء کی عظیم قربانی کا دن دنیا بھر میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ عراق کے شہر کربلا میں یوم عاشور کے موقع پر روضہ امام حسین علیہ السلام پر بڑا اجتماع ہوا، شہدائے کربلا کے مصائب پر دکھوں کا اظہار کیا گیا جب کہ عزاداروں نے سینہ کوبی کرکے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ایران کے دارالحکومت تہران کی سڑکوں پرعاشور کے جلوس نکالے گے، مجالس برپا ہوئیں اور عزاداروں نے ماتم بھی کیا۔ امریکا کی مختلف ریاستوں میں ماتمی جلوس عقیدت و احترام کے ساتھ نکالے گئے، مجالس کا انعقاد ہوا جن میں نواسہ رسول ﷺ اور ان کے اہلخانہ کے مصائب پر آنسو بہائے گئے۔ برطانوی دارالحکومت لندن میں بھی عزاداروں کی بڑی تعداد نے سید الشہدا اور ان کی رفقاء کی قربانی کو نم آنکھوں سے پرسہ دیا۔ ملائیشیا میں بھی جگر گوشہ بتول کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے جلوسوں اور مجالس میں حفاظتی اقدامات کا خصوصی خیال رکھا گیا، لوگوں نے فیس ماسک لگائے اور ہینڈ سینیٹائزرز کا استعمال کیا۔