Friday, May 10, 2024

دنیا بھر میں آج ملیریا سے بچاؤ کا دن منایا جارہا ہے ‏

دنیا بھر میں آج ملیریا سے بچاؤ کا دن منایا جارہا ہے ‏
April 25, 2019

فیصل آباد ( 92 نیوز) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج ملیریا سے بچاؤ کا دن منایا جا رہاہے ، ایک جانب رواں سیزن میں مچھروں کی بھرمار اس بیماری کا موجب بن رہی ہے تو دوسری جانب محکمہ صحت کی کارکردگی بھی تسلی بخش ہے۔

دنیا بھر میں آج مچھروں سے پھیلنے والی بیماری ملیریا سے بچاؤ کا دن منایا جا رہا ہے ، محکمہ صحت پنجاب کے مطابق حالیہ چند سالوں ڈینگی کنٹرول پروگرام کے باعث ملیریا  کی بیماری میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔

سال 2016 میں صوبہ بھر میں ملیریا  کے 2868 ، 2017 میں 2157 ، 2018 میں 1323 جبکہ رواں سال میں اب تک صرف 65 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ورلڈ ملیریا  ڈے کے حوالے سے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے غیر ملکی وفد نے بھی الائیڈ اسپتال کا دورہ کیا اور اس بیماری کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے مشورے دیے ۔

 ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ایک وقت میں خطرناک سمجھی جانے والی بیماری کے لیے ڈینگی مہم انتہائی موثر ثابت ہوئی ، جس کے اثرات اس بات سے ظاہر ہیں کہ گزشتہ چار سالوں کے دوران اس بیماری سے ایک بھی ہلاکت نہیں ہوئی۔

ملیریا  کے مریضوں میں خاطر خواہ کمی خوش آئند سہی تاہم طبی ماہرین شہریوں کو بیماری سے بچاو کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کا مشورہ دیتے ہیں۔

ملیریا  جیسے مرض پر قابو پانا خوش آئند سہی لیکن محکمہ صحت کی اصل کامیابی اس بیماری کو جڑ سے ختم کرنا ہے ۔