Saturday, April 20, 2024

دنیا بدستور کورونا وائرس کے نرغے میں ، ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز

دنیا بدستور کورونا وائرس کے نرغے میں ، ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز
April 28, 2020
 واشنگٹن (92 نیوز) دنیا بدستور کورونا وائرس کے نرغے میں ہے ، ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ متاثرین تیس لاکھ چونسٹھ ہزار سے بھی بڑھ گئے۔ امریکا میں متاثرین کی تعداد دس لاکھ سے زائد ہے جن میں سے ساڑھے چھپن ہزار سے زائد ہلاک جبکہ ایک لاکھ اڑتیس ہزار سے زائد صحتیاب ہو چکے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر وائرس کے پھیلاؤ کا الزام چین پر عائد کر دیا۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران فرانس میں چار سو سنتیس، برطانیہ میں تین سو ساٹھ، اٹلی میں تین سو تنتیس اور اسپین میں تین سو اکتیس ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔ جرمنی میں مزید ایک سو پچاس، بیلجیئم میں ایک سو تیرہ اور ترکی میں پچانوے مریض دم توڑ گئے۔ ایران میں نئے کیسز کی تعداد یومیہ ایک ہزار سے کم ہو گئی۔ چوبیس گھنٹوں میں چھیانوے مریض جاں بحق ہوئے۔ بھارت میں مزید اٹھاون ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جبکہ ایک روز کے دوران پندرہ سو سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔ روس کا ذکر کرتے ہیں جو کورونا متاثرین کے حوالے سے دس بڑے ممالک میں شامل ہوچکا ہے۔ چوبیس گھنٹوں میں سنتالیس افراد ہلاک ہو گئے جبکہ مریضوں کی مجموعی تعداد بھی ستاسی ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ دوسری طرف احتیاطی تدابیر اور لاک ڈاؤن کے اثرات سامنے آنے لگے۔ خطرناک کورونا وائرس کا عالمی سطح پر زور بتدریج کم ہوتا جا رہا ہے۔ موذی وبا سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد نو لاکھ سے بھی تجاوز کر گئی۔