Saturday, May 11, 2024

دنیا افغانستان میں قیام امن کے لیے ہماری کوششوں کو سراہ رہی ہے ، شاہ محمود قریشی

دنیا افغانستان میں قیام امن کے لیے ہماری کوششوں کو سراہ رہی ہے ، شاہ محمود قریشی
June 16, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے دنیا افغانستان میں قیام امن کے لیے ہماری کوششوں کو سراہ رہی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے افغان امن عمل کے حوالے سے اہم بیان میں کہا ہم امن اور استحکام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دنیا آج افغانستان میں قیام امن کیلئے ہماری کوششوں کو سراہ رہی ہے۔ افغانستان کا امن پاکستان کے ساتھ ساتھ پورے خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اگلے چند ہفتے اور مہینے نہایت اہم ہیں جن میں معاملات سلجھ بھی سکتے ہیں اور ان میں بگاڑ بھی آ سکتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا افغانستان سے اتحادی افواج کے انخلاء کا عمل پچاس فیصد تک مکمل ہو چکا ہے اور ابھی یہ سلسلہ جاری ہے ۔ افغان قیادت پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس صورت حال کی نزاکت کو سامنے رکھتے ہوئے مل بیٹھ کر افغان مسئلے کا سیاسی حل نکالیں ۔ ان کا کہنا تھا جنگ و جدل سے افغانستان میں پہلے ہی بہت نقصان ہو چکا ہے ۔ اگر افغانستان میں حالات نوے کی دہائی کی طرف پلٹتے ہیں یا خانہ جنگی شروع ہوتی ہے تو یہ افغانوں کیلئے مزید نقصان کا باعث ہو گا ۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا ابھی پاکستان میں آئے ہوئے افغان دانشوروں کے وفد سے میری ملاقات ہوئی ہے ۔ میں نے ان کے سامنے پاکستان کا نکتہ نظر رکھا اور ان کے سوالات کے مفصل جوابات دیے تاکہ کسی طرح کا کوئی ابہام نہ رہے ۔