Saturday, April 20, 2024

دفترخارجہ کے گرفتار ڈائریکٹر کے گھر سے غیرملکی شراب کی 100 بوتلیں برآمد

دفترخارجہ کے گرفتار ڈائریکٹر کے گھر سے غیرملکی شراب کی 100 بوتلیں برآمد
May 25, 2016
اسلام آباد (92نیوز) دفترخارجہ کے ڈائریکٹر شفقت چیمہ کی نشاندہی پر چھاپہ مار کر ان کے گھر سے مختلف برانڈ کی 100غیر ملکی شراب کی بوتلیں برآمد کرلی گئیں۔ نیب ذرائع کا دعوی ہے کہ غیرملکی شراب اور تحائف انسانی سمگلنگ کے دھندے میں استعمال ہوتے تھے۔ تفصیلات کے مطابق کرپشن اور بدعنوانی کے الزام میں گرفتار ڈائریکٹر شفقت چیمہ سے اہم اور سنسنی خیز انکشافات کا سلسلہ جاری ہے۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ ان کے گھر میں شراب کی محفلیں سجائی جاتی تھیں۔ ملزم کی نشاندہی پر نیب کی تفتیشی ٹیم نے مجسٹریٹ اور محکمہ ایکسائز کے عملے کے ساتھ ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تو گھر سے غیر ملکی شراب کی 100بوتلیں برآمد ہوئیں۔ ذرائع کے مطابق شراب کی بوتلیں گفٹ پیکنگ میں تھیں جو اہم شخصیات کو بھجوائی جانی تھیں۔ غیر ملکی شراب سے متعلق ایکسائز آفس نے بھی انکوائری کا آغاز کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انسانی سمگلنگ کے لئے غیرملکی شراب اور تحائف کا استعمال کیا جاتا تھا۔ نیب نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران شفقت چیمہ کے گھر سے راولپنڈی میں 30کنال زمین کے کاغذات بھی برآمد کئے ہیں جس کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ ملزم کے بنک اکاونٹس کی تفصیلات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔