Wednesday, April 24, 2024

دفترخارجہ کی سکیورٹی کونسل کے مستقل رکن ممالک کے سفیروں کو بریفنگ ، بھارتی فائرنگ اور  جوابی کارروائی سے آگاہ کیا

دفترخارجہ کی سکیورٹی کونسل کے مستقل رکن ممالک کے سفیروں کو بریفنگ ، بھارتی فائرنگ اور  جوابی کارروائی سے آگاہ کیا
September 30, 2016
اسلام آباد(92نیوز)ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کی دفتر خارجہ میں سیکریٹری خارجہ  سے ملاقات،   ڈی جی ملٹری آپریشنز اور  سیکرٹری خارجہ نے سلامتی کونسل  کے مستقل رکن ممالک کے سفیروں کو لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر  بریفنگ دی،  پاکستان نے  بھارت کی جانب سے  سرجیکل سٹرائیک کے بھونڈے دعوے کو  ایک بار پھر مسترد کردیا۔ اسلام آباد کے سفارتی ذرائع کے مطابق  ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے دفتر خارجہ میں سیکریٹری خارجہ  اعزاز چوہدری سے ملاقات کی اور انہیں  لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ  ڈی جی ملٹری آپریشنز اور  سیکرٹری خارجہ نے سلامتی کونسل  کے مستقل رکن ممالک کے سفیروں کو لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر  بریفنگ دی۔ ڈی جی ایم او نے ایل او سی پر بھارت کی جانب فائربندی معاہدے کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ پاکستان نے غیر ملکی سفیروں کو دی گئی بریفنگ میں، بھارت کے سرجیکل سٹرائیک کے بھونڈے دعوے کو ایک بار پھر مسترد کردیا۔ غیر ملکی سفیروں کو بتایا گیا کہ  28 اور 29 ستمبر کی درمیانی شب بھارتی افواج نے ایل او سی کے مختلف پوائنٹس پربلااشتعال فائرنگ کی، بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں دو پاکستانی فوجی شہید ہوئے جس کے جواب میں پاکستانی افواج نے بھر پور جوابی کارروائی کی۔ ڈی جی ملٹری آپریشن نے بریفنگ میں ایل او سی پر فوجی دستوں کی پوزیشنز سے بھی آگاہ کیا، غیر ملکی سفیروں کو خاردار تاروں،بارڈر فورس،بنکرز اور دیگر رکاوٹوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے  غیر ملکی سفیروں کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دی، سیکرٹری خارجہ نے بھارتی قیادت کی غیر سنجیدگی  پر شدید تحفظات کا اظہار کیا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ  سلامتی کونسل کے مستقل ممالک خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔