Wednesday, April 24, 2024

دفترخارجہ کا ترکی میں 4پاکستانیوں کے اغوا کا نوٹس

دفترخارجہ کا ترکی میں 4پاکستانیوں کے اغوا کا نوٹس
January 3, 2017

اسلام آباد (92نیوز) بہترمستقبل کی تلاش گوجرانوالہ کے چار نوجوانوں کو موت کے قریب لے گئی۔ نوجوان پاک افغان گروہ کےہتھےچڑھ گئے جنہوں نے ان پر بہیمانہ تشدد کیا اور فوٹیج اہلِ خانہ کو بھیج کر 80 لاکھ روپے تاوان طلب کرلیا۔ دفترِخارجہ نے نائنٹی ٹو نیوز کی خبر پر نوٹس لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق غیرقانونی طریقہ گوجرانوالہ کے نوجوانوں کے گلے پڑ گیا۔ بہترمستقبل کی خواہش کرنے والے موت کے قریب پہنچ گئے، گھر والے پل پل جینے اور مرنے لگے۔ حافظ آباد روڈکے رہائشی چار دوست عابد، ذیشان، عثمان اور عدیل گزشتہ سال ستمبر میں روزگار کے حصول کیلئے ترکی پہنچے اورکام کی تلاش کے دوران افغان گروہ کے ہتھے چڑھ گئے جنہوں نے ان کی بے بسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں نوکری کا جھانسہ دے کر اغوا کرلیا۔

ظالم افغان گروہ نے چاروں نوجوانوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر ان کی ویڈیو بنا کر گھر والوں کو بھیج دی اور دھمکی دی کہ 80 لاکھ روپے نہ ملے تو مغوی نوجوانوں کا سرقلم کر دیں گے، ویڈیو دیکھ کر گھر والوں پر قیامت ٹوٹ پڑی۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ اغواکاروں نے رقم لاہوریا پشاورمنڈی میں ہنڈی کے ذریعے استنبول بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ حکومت سفارتی سطح پرکوششیں کرکے ان کے بچوں کو واپس لائے۔

نائنٹی ٹو نیوز پر خبر چلی تو دفترخارجہ نے معاملے کا نوٹس لے لیا اورترکی کےسفارتخانے کو فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی جس پر ترک حکام نےپاکستانی سفیر کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔