Monday, April 15, 2024

دفتر خارجہ نے کلبھوشن یادیو کا نیا ویڈیو بیان جاری کر دیا

دفتر خارجہ نے کلبھوشن یادیو کا نیا ویڈیو بیان جاری کر دیا
January 4, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) دفتر خارجہ نے کلبھوشن یادیو کا نیا ویڈیو بیان جاری کر دیا جو ترجمان دفتر خارجہ کی میڈیا بریفنگ کے دوران بھی چلا دیا گیا۔
ویڈیو پیغام میں کلبھوشن یادیو نے والدہ اور اہلیہ سے ملاقات کرانے پر پاکستان کا ایک بار پھر شکریہ ادا کیا تاہم وہ اپنی ہی سرکار سے ناراض نظر آیا۔
کلبھوشن نے کہا کہ بھارتی حکام نے اس کے اہلخانہ کے ساتھ ناروا سلوک کیا۔ دوران سفر طیارے میں انہیں ڈرایا دھمکایا گیا۔
کلبھوشن نے کہا کہ ملاقات کے وقت اس نے اپنی والدہ اور اہلیہ کی آنکھوں میں خوف دیکھا۔ بھارتی سفارتکار ان پر چلاتا رہا۔
کلبھوشن یادیو نے بھارتی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے دوبارہ اپنی شناخت اور حقیقت دہرائی۔
دوسری طرف بھارتی جاسوس نے مودی سرکاری کی جانب سے پاکستانیوں کو اجمیر شریف کا ویزہ نہ دینے اور بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔
میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی مذمت کی اورفلسطین کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
ٹرمپ کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ زندہ قوموں کی زندگی میں ایسے مواقع آتے رہتے ہیں۔ حوصلے کیساتھ آگے بڑھنا ہو گا۔ ایران میں مظاہرے ان کا داخلی معاملہ ہے۔
ادھر ترجمان نے گوادر میں چینی فوجی اڈوں اور پاکستان کی افغانستان کو برآمدات میں کمی کے حوالے سے خبروں کی تردید بھی کی۔