Thursday, April 18, 2024

دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018کاتیسراروز،پاکستانی ساختہ اسلحہ و دفاعی سامان توجہ کا مرکز

دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018کاتیسراروز،پاکستانی ساختہ اسلحہ و دفاعی سامان توجہ کا مرکز
November 29, 2018
کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں دفاعی سازوسامان کی نمائش کا آج تیسرا دن ہے ، جس میں  ملکی اور غیر ملکی وفود پاکستانی ہتھیاروں میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں ۔ پاکستان آرڈیننس فیکٹری میں تیار کی گئی اسنائپر گن نے غیرملکی مہمانوں کی خصوصی توجہ حاصل کر رکھی ہے۔ ایک اسنائپر گن ایک کلو میٹر تک ٹارگٹ نشانہ بناسکتی ہے  جبکہ دوسری اسنائپر گن 800 میٹر تک ٹارگٹ حاصل کرسکتی ہے۔ آئیڈیاز 2018 کے سلسلے میں آج سہ  پہر نشان پاکستان سی ویو پر ائیر شوکاانعقاد کیاجائےگا جہاں  پاک فضائیہ کے جہاز شاندار ائیرشو پیش کریں گے۔پاکستان کا جدید جے ایف 17 تھنڈربھی ائیر شو کو چارچاند لگائے گا۔ آئیڈیاز  2018 میں پاکستان آرمی کی جانب سے ایسا اسٹال لگایا گیا ہے جس کے ذریعے دنیا کو پیغام دیا جارہا ہے کہ وطن عزیز کے دفاع میں زخمی ہونے والے جوانوں کو تنہا اور بے یارو مددگار نہیں چھوڑا جارہا ۔ پاکستان کی مسلح افواج نے دہشت گردی سے نمٹنے کا شاندار عملی مظاہرہ کیا  اور کمانڈوز نے برق رفتاری سے ایکشن لیتے ہوئے طلبہ کو دہشتگردوں کے چُنگل سے آزاد کرواکر صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ایک اور مشق میں جوانوں نے ہیلی کاپٹر کی مدد سے کمپاؤنڈ پر کارروائی کی ، کارروائی کے دوران جوانوں نے یرغمال بنائے گئے شہریوں کی جانیں بچائیں ۔ پاک فوج کے بہادر جوانوں نے کامیاب ایکشن کرکےدشمن کو واضح پیغام دے دیا کہ پاکستانیوں کیخلاف کسی بھی کارروائی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔