Friday, March 29, 2024

دفاعی صنعت میں شراکت داری کے ذریعے خودانحصاری کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے ، آرمی چیف

دفاعی صنعت میں شراکت داری کے ذریعے خودانحصاری کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے ، آرمی چیف
July 19, 2019

 راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا دفاعی صنعت میں شراکت داری کے وسیع مواقع ہیں جس کے ذریعے خودانحصاری کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی آڈیٹوریم راولپنڈی میں دفاعی پیداوار کے حوالے سے دو روزہ قومی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں دفاعی پیداوار کی صنعت کو درپیش چیلنجوں کا احاطہ کیا گیا جبکہ خود انحصاری کیساتھ ملکی وسائل سے دفاعی پیداواری صلاحیت میں اضافہ پر زور دیا گیا۔

سیمینار میں تنظیمی اور ادارہ جاتی مشکلات کی نشاندہی اور حل کیلیے تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

اس موقع پر وفاقی وزراء زبیدہ جلال اور فواد چوہدری نے دفاعی صنعت کے فروغ کیلیے تجاویز پیش کیں جبکہ وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے قومی سلامتی میں دفاعی صنعت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

دفاعی صنعت شراکت داری خودانحصاری مضبوط آرمی چیف

سیمینار میں پرائیویٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی اور ڈیجیٹل پارکس کے قیام سمیت حکومت کو پالیسی سطح پر سفارشات پیش کی گئیں ۔ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ٹاسک فورس کے قیام کی تجویز بھی پیش کی گئی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دفاعی صنعت میں شراکت داری کے وسیع مواقع موجود ہیں جبکہ خود انحصاری کو شراکت سے مضبوط بنایا جا سکتا ہے ۔ آرمی چیف نے کہا دفاعی پیداواری شعبے میں خودمختاری کیلیے نجی شعبے کی موثر شرکت ناگزیر ہے۔