Friday, April 26, 2024

دعا ہے نئے سال میں اللہ تعالیٰ پاکستان پر اپنی رحمتیں نازل کرے ، ڈی جی آئی ایس پی آر

دعا ہے نئے سال میں اللہ تعالیٰ پاکستان پر اپنی رحمتیں نازل کرے ، ڈی جی آئی ایس پی آر
January 1, 2019
راولپنڈی ( 92 نیوز ) سال نو کی آمد کے موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے قوم کے نام  پیغام میں  کہا کہ دعا  ہے نئے سال میں اللہ تعالیٰ پاکستان پر اپنی رحمتیں نازل کرے ۔ پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل  میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ بحیثیت قوم ہم متحد ہو کر کامیابیاں سمیٹ سکتے  ہیں ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹویٹ پیغام میں ترقی ، خوشحالی اور کامیابی کی داستانیں سناتی مختلف تصاویر بھی  جاری کیں ۔ سی پیک کے منصوبوں  کی تکمیل میں  پاک فوج کے کردار کو کیسے بھلایا جا سکتا ہے ، جاری کردہ تصویر  کہانی سناتی ہیں  کہ پاک فوج نے  قومی شجر کاری مہم کا آغاز 2018 میں کیا ، اس مہم کا نام  سر سبز و شاداب  پاکستان رکھا گیا ۔ دوسری تصویر بلوچستان میں پاک فوج کے جوانوں اور افسروں کی لازوال قربانیوں کے بعد ہونے والی ترقی اور خوشحالی کی داستان سنا رہی ہے ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بلوچ عمائدین کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے ۔ کیڈٹ کالج وانا  کی تصویر بھی اپنے اندر ایک مکمل تاریخ رکھتی ہے  جبکہ دشوار گزار وادیوں میں شاہراہوں کی تعمیر بلاشہ پاک فوج کا عظیم کارنامہ ہے ۔ نئے سال کی آمد کے موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر  نے اپنے ٹویٹ پیغام میں  دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سال نو میں پاک سر زمین پاکستان پر اپنی رحمتوں کا نزول جاری رکھے ،ہم سب مل کر کامیابیوں کو مستحکم کریں گے ۔ اپنے ٹویٹ پیغام میں جاری کردہ  مزید  تصاویر میں اے پی ایس پشاور کے  ننھے فرشتوں کی قربانیوں کو بھی دکھایا گیا ،تصویر اسکول بنا قربان گاہ کی پوری داستان سنا رہی ہے ۔جبکہ آپریشن ردالفساد کی نمائندگی کرتی تصویر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے فسادیوں کے خلاف  ٹھوس  ارادوں کی کہانی سناتی ہے ۔ نئے سال کی آمد آمد ہو اور مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی قربانیوں کو بھلا دیا جائے ایسا ہو نہیں سکتا ، ایک تصویر بھارتی ظلم و ستم کی داستان سناتی ہے ۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ نئی حکومت ، نیا ولولہ اور نیا پاکستان ، ٹویٹ کی گئی تصویر   نئے پاکستان میں پاک فوج کے کردار کی  داستان بھی خوب سنا رہی ہے  ۔