Friday, March 29, 2024

دشمن کے دانت کھٹے کرنے پر افواج پاکستان کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں

دشمن کے دانت کھٹے کرنے پر افواج پاکستان کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں
March 1, 2019
 کھاریاں (92 نیوز) دشمن کے دانت کھٹے کرنے پر افواج پاکستان کے حق میں ملک کے مختلف شہروں میں دوسرے روز بھی ریلیاں نکالی گئیں۔ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ کھاریاں میں تاجر برادری اور سول سوسائٹی اور جہلم میں ڈسٹرکٹ بار نے پاک فوج سے اظہار یک جہتی کے لیے ریلی نکالی۔ دیپال پور بار اور ڈسٹرکٹ پریس کلب اوکاڑہ کے زیر اہتمام بھی پاک فوج سے اظہار یک جہتی کےلیے ریلی نکالی گئی۔ وہاڑی میں سبزی منڈی کے آڑھتیوں کا بھی پاک فوج کے حق میں مظاہرہ دیکھا گیا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی تصویر کو انڈے اور ٹماٹر مارے گئے۔ کندھ کوٹ میں پاک فضائیہ کی جانب سے بھارتی طیارے مار گرانے پر جشن منایا گیا۔ ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ نواب شاہ میں پاک فوج کی حمایت اور بھارت کےخلاف ریلی میں سیاسی ، سماجی تنظیموں اور اسکول کے طلبہ نے بھی شرکت کی اور اپنی فوج کے حق میں نعرے لگائے۔ ٹنڈوم آدم میں پاک فضائیہ کی بے مثال کارکردگی پر سرسید گورنمنٹ ہائی اسکول کے طلبہ نے اسکول سے پریس کلب تک ریلی نکالی جس میں طلبہ اور اساتذہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیر کوہ میں بھی پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کے کیلئے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ سوات کے علاقے مینگورہ میں گجر یوتھ فورم نے بھارتی جارحیت کےخلاف مظاہرہ کیا اور پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ دیر بالا میں بھی پاک فوج کے ساتھ اظہار یک جہتی کےلیے ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ چارسدہ میں بھی پاک فوج سے اظہار یک جہتی کےلیے شہریوں نے جلوس نکالا۔ کبیر والا میں بھارتی جارحیت اور پاک فوج سے اظہار یک جہتی کے لیے انجمن تاجراں اور میونسپل ایڈمنسٹریشن نے ریلی نکالی۔ شہداد کوٹ میں ہندو برادری نے پاک فوج کی حمایت میں ریلی نکالی۔ کشمور میں بھی سکھ برادری نے پاک فوج سے مکمل اظہار یکجہتی کیا۔ خان پور مہر میں پاک فوج کی حمایت میں طلبہ نے ریلی نکالی اور افواج کے حق میں نعرے لگائے۔ ڈھرکی میں بھی افواج پاکستان سےاظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں۔ اوچ شریف میں بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر ہندو برادری خوشی سے نہال ہے۔ نوشہرو فیروز ، محراب پور ، موروپڈ عیدن ، ٹھاروشاہ میں بھی یکجہتی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ حافظ آباد میں مرکزی انجمن تاجراں نے پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی۔ بہاولپور میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کرش انڈیا مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ میاں چنوں ، جلال پور بھٹیاں ، قصور ، لیاقت پور اور بدین سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔