Friday, May 3, 2024

دشمن کو کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کا جواب دیا جائے : آرمی چیف

دشمن کو کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کا جواب دیا جائے : آرمی چیف
November 24, 2016

اسلام آباد (92نیوز) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مستقبل میں کنٹرول لائن پر بھارت کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور بھرپور جواب دینے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نوازشریف نے بھارتی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ خواجہ آصف کہتے ہیں کنٹرول لائن کی موجودہ صورتحال زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔

تفصیلات کے مطابق کور ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی سربراہی میں خصوصی اجلاس ہوا۔ شرکاءکو لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں بھارتی فوج کی جانب سے بس کو نشانہ بنانے کے بعد کی صورتحال پر بھی غورکیا گیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔ مستقبل میں کسی بھی جارحیت کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے۔ ادھرڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے اپنے بھارتی ہم منصب کے ساتھ رابطہ کیا اور واضح کیا کہ بھارتی سکیورٹی فورسز لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ بھارتی فورسز کا مسافر بس پر حملہ قابل مذمت ہے۔

اس سے پہلے وزیراعظم نوازشریف نے شہداءکے خاندانوں سے اظہار افسوس کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانا ہے۔ وزیردفاع خواجہ آصف نے واضح کیا کہ ایل ا و سی فائرنگ کامعاملہ زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔ ادھر دفترخارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر لیا اور ایل او سی پر شہریوں اور اہلکاروں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا۔