Wednesday, May 8, 2024

دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے پوری قوم متحد ہو گئی

دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے پوری قوم متحد ہو گئی
September 24, 2018
لاہور ( 92 نیوز) دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لئے پوری قوم متحد ہو گئی ، بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکیوں کیخلاف پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کئے گئے ۔ شرکاء نے پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی جبکہ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔ بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکیوں پر پوری پاکستانی قوم متحد ہوگئی اور دشمن کو کسی بھی ناپاک جسارت پر منہ توڑ جواب کے لئے قوم کا ہر فرد تیار ہوگیا ۔ فیصل آباد میں انجمن تاجران کے زیر اہتمام افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے سلیمی چوک سے جھال چوک تک ریلی نکالی گئی، شرکاء نے پاک فوج کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں جمہوری وطن پارٹی کی جانب سے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے بگٹی بازار سے پٹرول پمپ چوک تک ریلی نکالی گئی، جس میں لوگوں کا سمندر امڈ آیا۔ ریلی کے  شرکاء نے بھارتی آرمی چیف کے پتلے نذرآتش کئے اور نعروں کی صورت میں پاک فوج سے محبت کا اظہار بھی کیا ۔ آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں بھی بھارتی آرمی چیف بپن راوت کے غیر ذمہ دارانہ بیان اور کشمیری عوام پر مظالم کیخلاف لوگ سراپا احتجاج بنے رہے ۔ ریلیوں کے شرکاء کا کہنا تھا کہ وہ دفاع وطن کیلئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں، پاک سرزمین کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ نکال کر رکھ دیں گے۔