Sunday, September 8, 2024

دسمبر میں تجارتی خسارہ چار ارب تیرہ کروڑ ڈالر سے زائد رہا، وزارت تجارت

دسمبر میں تجارتی خسارہ چار ارب تیرہ کروڑ ڈالر سے زائد رہا، وزارت تجارت
January 2, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزارت تجارت کا کہنا ہے دسمبر میں تجارتی خسارہ چار ارب تیرہ کروڑ ڈالر سے زائد رہا۔

وزارت تجارت نے تجارتی اعدادو شمار جاری کر دیئے۔ رپورٹ کے مطابق دسمبر 2021 میں تجارتی خسارہ 4 ارب 13 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز رہا۔ دسمبر میں نومبر کے مقابلے برآمدات میں 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز کی کمی ریکارڈ کی گئی اور برآمدات مقررہ ہدف سے 3 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز کم رہیں۔

رپورٹ کے مطابق جولائی تا دسمبر تجارتی خسارہ 24 ارب 78 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز ، درآمدات 39 ارب 91 کروڑ ڈالرز سے تجاوز کر گئیں۔ دسمبر میں برآمدات کا حجم 2 ارب 76 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز رہا جبکہ برآمدات کا ہدف 2 ارب 80 کروڑ ڈالرز مقرر تھا ۔

وزارت تجارت کے مطابق دسمبر 2021 میں دسمبر 2020 کے مقابلے برآمدات 16.7 فیصد بڑھیں۔