Sunday, May 12, 2024

دسمبر سے مارچ کے دوران رہائشی سیکٹر کو دن میں صرف تین بار گیس فراہم کرنیکا منصوبہ

دسمبر سے مارچ کے دوران رہائشی سیکٹر کو دن میں صرف تین بار گیس فراہم کرنیکا منصوبہ
November 12, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ملک میں گیس کی قلت کو کم کرنے کیلئے دسمبر سے مارچ کے دوران ایل این جی کی کم سے کم فراہمی کے ساتھ رہائشی سیکٹر کو دن میں صرف تین بار گیس فراہم کرنے کا منصوبہ بنا لیا۔

موسم سرما کیلئے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان تیار کرلیا گیا، وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی میں پیش کردیا گیا جس کے مطابق رہائشی شعبے کو گیس صرف کھانا پکانے کے لیے دن میں تین بار فراہم کی جائے گی جبکہ آر ایل این جی ڈائیورژن کو سسٹم کے آپریشنل استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے کم سے کم رکھا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق، آنے والے مہینوں، بالخصوص جنوری، فروری اور مارچ میں ایل این جی کی کم دستیاب ہوگی جبکہ دسمبر میں کُل شارٹ فال 22 ایم ایم سی ایف ڈی جنوری میں بڑھ کر 137 ایم ایم سی ایف ڈی ہو جائے گا۔ فروری اور مارچ میں شارٹ فال دوبارہ کم ہو کر 75 ایم ایم سی ایف ڈی ہو جائے گا۔

پلان کے مطابق، بجلی اور کھاد کے شعبوں کو گیس کی فراہمی جاری رہے گی۔ گیس کے تحفظ اور پانی اور جگہ کو گرم کرنے کیلئے سستی ترغیبی بجلی کے فروغ کے لیے گیس کمپنیوں اور حکومت کی جانب سے وسیع میڈیا مہم چلائی جائے گی۔