Saturday, May 18, 2024

دسمبر 2020ء، پاکستان کی برآمدات میں 18.3 فیصد اضافہ ہوا، عبدالرزاق داؤد

دسمبر 2020ء، پاکستان کی برآمدات میں 18.3 فیصد اضافہ ہوا، عبدالرزاق داؤد
January 2, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) حکومت کی مثبت پالیسوں کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے۔ دسمبر 2020ء میں پاکستان کی برآمدات میں 18.3 فیصد اضافہ ہوگیا۔ وزیراعظم عمران خان کی بھی ریکارڈ برآمدات پر تمام برآمد کنندگان کو مبارکباد دی، کہا کہ ایکسپورٹ کلچر کو فروغ دینے کیلئے مکمل تعاون کریں گے۔

گزشتہ سال دسمبر 2020ء میں پاکستان کی ایکسپورٹ میں 18.3 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ دسمبر 2019 ء میں پاکستان کی ایکسپورٹ 1.99 ارب ڈالر رہی جبکہ 2019ء کے مقابلے میں گذشتہ سال دسمبر 2020ء میں پاکستان کی ایکسپورٹ 2.3 ارب ڈالر رہیں اور یہ رواں سال کی ایکسپورٹ کی سب سے بلند ترین سطح ہے۔

عبدالرزاق داود کے مطابق سال 2020ء میں جولائی سے دسمبر کے دوران ہماری ایکسپورٹ میں 4.9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سال 2019ء میں جولائی سے دسمبر کے دوران ملکی ایکسپورٹ 11.5 ارب ڈالر جبکہ گزشتہ سال 2020ء میں جولائی سے دسمبر کے دوران ملکی ایکسپورٹ 12.1 ارب ڈالر رہی، گزشتہ سالوں کے مقابلے میں سال 2020ء میں ایکسپورٹ میں اضافے پر میں ایکسپورٹرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی گذشتہ سال دسمبر 2020ء میں ملکی ایکسپورٹ میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر ایکسپورٹرز کو مبارکباد دی، کہا، گزشتہ برس کے مقابلے میں 18% نمو کیساتھ دسمبر2020ء میں برآمدات کا ریکارڈ قائم کرنے پر تمام برآمدکنندگان مبارکباد کے مستحق ہیں۔ شاباش، یہ رجحان قائم رکھئے! ، برآمدات میں اضافہ ہماری حکومت کی معاشی حکمت عملی کا کلیدی ستون ہے اور ہم برآمدی کلچر کے فروغ کیلئے مکمل معاونت فراہم کریں گے۔”