Sunday, May 12, 2024

دس فیصد بچوں کی فیس معاف نہ کرنیوالے نجی اسکولوں کیخلاف کارروائی کا حکم

دس فیصد بچوں کی فیس معاف نہ کرنیوالے نجی اسکولوں کیخلاف کارروائی کا حکم
January 23, 2020
کراچی (92 نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے دس فیصد بچوں کی فیس معاف نہ کرنے والے نجی اسکولوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی  اور ڈائریکٹر اسکولز سے  نجی اسکولوں میں مفت تعلیم حاصل کرنے سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ۔ کراچی کے نجی اسکولوں کے دس فیصد  بچوں کی فیس معافی کے کیس میں  مفت تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی رپورٹ پیش نہ کرنے پر سندھ ہائیکورٹ نے ڈائریکٹر نجی اسکولز پر اظہار برہمی  کردیا ،  ڈائریکٹر نجی اسکولز منصوب صدیقی نے رپورٹ جلد پیش کرنے کی ایک اور یقین دہانی کرادی ۔ ڈائریکٹر نجی اسکولز نے بتایا کہ سندھ میں 12 ہزار  400 اسکولوں میں 27 لاکھ بچے علم حاصل کررہے ہیں  جبکہ فیس معاف نہ کرنے والے اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کی جاتی ہے ۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ 10 ہزار سے زائد سرکاری اسکولوں کی تزئین وآرائش جاری ہے  ، عدالت نے 10 فیصد طلبہ کی فیس معاف نہ کرنے والے اسکولوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی  اور نجی اسکولوں میں مفت تعلیم حاصل کرنے سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 26 فروری تک ملتوی کردی ۔