Monday, May 6, 2024

دس اگست تک پاکستان میں کورونا سے اموات 80 ہزار تک پہنچ سکتی ، امپیریل کالج لندن

دس اگست تک پاکستان میں کورونا سے اموات 80 ہزار تک پہنچ سکتی ، امپیریل کالج لندن
June 14, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز)  امپیریل کالج لندن نے ایک تحقیقی رپورٹ میں خبر دار کیا کہ دس اگست تک پاکستان میں کورونا سے اموات 80 ہزار تک ہو سکتی ہیں ۔

عوام کی غیرسنجیدگی اور بے احتیاطی کے باعث کورونا وائرس نے پاکستان میں پنجے گاڑ لئے ، سختی نہ کرنے کی صورت میں عالمی وبا سے پاکستان میں 22 لاکھ سے زائد اموات کا خدشہ ہے  اور تقریباً ڈیڑھ کروڑ افراد کے بیمارہونے کا سبب بن سکتی ہے، ایمپیرئل کالج لندن کی تازہ تحقیق نے پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

پاکستان میں کورونا وبا کے وار جاری، اموات اور نئے کیسز میں غیر معمولی اضافے نے حکام کی نیندیں اڑا دیں ۔ ایمپیرئل کالج لندن کے الگورتھم یعنی دستیاب ڈیٹا کی مدد سے لگائے گئے اندازے کے مطابق پاکستان میں 10 اگست کو کورونا وبا اپنے عروج پرہو گی جبکہ اس پرقابو پانے کیلئے اگلے برس جنوری تک انتظار کرنا ہوگا۔

برطانوی حکومت کی فنڈنگ سے ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اگر پاکستانی حکومت نے وبا کو قابو کرنے کیلئے لاک ڈاؤن جیسے اقدامات اور عوام نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو کورونا وائرس پاکستان میں مجموعی طور پر 22 لاکھ سے زائد زندگیاں نگل جائے گا جبکہ متاثرین کی تعداد تقریباً ڈیڑھ کروڑ تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔