Friday, April 26, 2024

دریاﺅں میں سیلاب نے خطرے کی گھنٹی بجا دی !!! گھوٹکی کے 17دیہات میں پانی داخل، 50دیہات کا زمینی رابطہ منقطع

دریاﺅں میں سیلاب نے خطرے کی گھنٹی بجا دی !!! گھوٹکی کے 17دیہات میں پانی داخل، 50دیہات کا زمینی رابطہ منقطع
July 20, 2015
کراچی / گھوٹکی (92نیوز) ملک بھر میں ہونیوالی بارشوں کی وجہ سے پاک سرزمین پر بہنے والے دریاﺅں میں سیلابی کیفیت ہے۔ تفصیلات کے مطابق دریائے سندھ میں سیلاب نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ گھوٹکی کے 17 دیہات میں سیلابی پانی داخل ہو چکا ہے جبکہ 50 کے قریب دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہے۔ دوسری جانب دریائے سندھ کے دوبند ٹوٹ جانے سے درجنوں بستیاں زیرآب آ گئیں۔ گھوٹکی میں رونتی کے کچے میں قائم تین پولیس چوکیوں میں بھی سیلابی پانی داخل ہوگیا ہے، اہلکاروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ عام شہریوں کی بڑی تعداد اب بھی پھنسی ہوئی ہے۔ ارسا ترجمان کے مطابق دریائے سندھ میں بشام کے مقام پر پانی کا بہاو¿ 4 لاکھ 19 ہزار کیوسک ہوگیا ہے۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد 3 لاکھ 66 ہزار کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 26 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے کابل میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ پانی کا بہاو¿ ایک لاکھ 11 ہزار کیوسک ہے۔ میانوالی کو بچانے کے لیے چشمہ بیراج کے سپل ویز کھول دیئے گئے ہیں۔ ارسا ترجمان کے مطابق چشمہ بیراج پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ پانی کا بہاو¿ 4 لاکھ 84 ہزار کیوسک ہوگیا ہے۔ دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پرپانی کی آمد 75 ہزار کیوسک ہے۔ ارسا ترجمان کا کہنا ہے کہ تونسہ بیراج میں پانی کی سطح مزید بڑھنے لگی ہے۔جہاں پر پانی کی آمد 3 لاکھ 74 ہزار کیوسک ہوگئی ہے۔ دریائے جہلم کے نشیبی علاقوں ہیڈ رسول کے مقام پر پانی کا بہاو 63 ہزار کیوسک ہے۔دریائے چناب میں نچلے درجے کا سیلاب، مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاو ایک لاکھ 4 ہزار کیوسک ہے۔ تریموں بیراج پر بھی پانی کا دباو بڑھنے لگا ہے۔ تریموں بیراج میں پانی کی آمد ایک لاکھ 24 ہزار کیوسک ہے اور اسی طرح صوبہ سندھ میں گدو بیراج پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے جہاں پر پانی کی آمد 3 لاکھ 53 ہزار کیوسک ہے۔ سکردو میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 سینٹی گریڈ اور کم سے کم 16 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔