Friday, April 19, 2024

دریائے مستوج میں تودہ گرنے سے دریا جھیل کامنظرپیش کرنے لگا

دریائے مستوج میں تودہ گرنے سے دریا جھیل کامنظرپیش کرنے لگا
March 6, 2015
چترال(ویب ڈیسک)چترال کے بالائی علاقے ریشن کے مقام پر دریائے مستوج میں پہاڑی تودہ گرنے سے پانی کا بہاؤ رک گیا۔ پانی کا بہاو رکنے کی وجہ سے دریاجھیل کی شکل احتیار کرگیاجبکہ مقامی لوگوں نے  محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی شروع کردی ہے۔ اڑیان، ریشن اور گرین لشٹ گاؤں کی سینکڑوں ایکڑ زیر کاشت اراضی بھی اس جھیل کی نذرہوچکی ہے۔ جبکہ پھلدار درختوں اور گندم کی کھڑی فصل کو شدیدنقصان پہنچا ہے۔ محکمہ ایریگیشن کے ٹھیکیدار کا اسی لاکھ روپے مالیت کا ایکسکویٹر مشین بھی پانی میں گر کر لاپتہ ہوا ہے جبکہ ایک ٹریکٹر ٹرالی بھی پانی نے گھیر لیا ہے اور دوسرے Excavator مشین کو بھی پانی گھیر رہا ہے۔ محکمہ ایریگیشن کے ایگزیکٹیو انجنیر اختر رشید نے موقع پر جاکر معائنہ کیا ان کے مطابق دریا کےپانی کے بہاو میں رکاوٹ بننے سے  جھیل بن گئی ہے اور اس سےلاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے جبکہ کروڑوں روپے کی زمین پانی کے کٹاؤ کی وجہ سے دریا کا حصہ بن چکی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر منہاس الدین نے بھی موقع پر جاکر دریا کا معائنہ کیا انہوں نے بھاری پتھروں اور ملبہ کو ہٹانے کیلئے دریا میں دو بارودی دھماکے بھی کروائے مگر بھاری پتھر اور ملبہ بدستور دریا کے بہاؤ میں رکاوٹ ڈالے ہوئےہے۔