Friday, March 29, 2024

دریائے سندھ کی بے رحم لہروں نے جنوبی پنجاب اور سندھ کے درجنوں دیہات اجاڑ دیے

دریائے سندھ کی بے رحم لہروں نے جنوبی پنجاب اور سندھ کے درجنوں دیہات اجاڑ دیے
July 24, 2015
لیہ(92نیوز)دریائے سندھ کی بے رحم لہروں نے جنوبی پنجاب اور سندھ میں درجنوں دیہات اُجاڑ دیئے ہیں سیلاب متاثرہ اضلاع ڈی جی خان،لیہ،میانوالی،مظفر گڑھ ،رحیم یار خان اور راجن پور میں ایک سو اکتالیس ریلیف کیمپ قائم کئے گئے ہیں  کئی علاقوں میں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت کشتیوں کے ذریعے نقل مکانی کر رہے ہیں دریائے سندھ کی بپھری لہروں نے پنجاب اور سندھ میں کئی دیہات اُجاڑ دیئے تو رہی سہی کسر مختلف علاقوں میں ٹوٹنے والے حفاظتی بندوں نے پوری کر دی۔ تفصیلات کے مطابق لیہ میں سیلاب کے نقصانات جاری ہیں ،اب تک ہزاروں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں جن کے لئے ریلیف کیمپ تک قائم نہیں کئے جا سکے ،جس سے سیلاب زدگان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ ملتان کے قریب ہیڈ محمد والا کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جس سے بیٹ کے متعدد علاقے  زیر آب آ گئے ہیں  ان علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اورمتاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ گھوٹکی کے کچے کے علاقے، راونتی ،آندل سندرانی ،قادرپورکے علاقوں میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں ،سو سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیاہے ،جس کی وجہ سے سیکڑوں افراد سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے ہیں۔ فلڈ کنٹرول اتھارٹی کے مطابق رحیم یارخان کچے کے 43 دیہات سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں اور متاثرین سیلاب کو محفوظ مقامات پر  منتقل کر دیا گیا ہے  حکومتی دعوے  توبڑے ہیں مگرسیلاب سے متاثرہ کچھ ایسی بستیاں ہیں جو پانی میں ڈوب چکی ہیں ۔ راجن پور میں بیٹ سوترہ بند ٹوٹ گیا ، پانی قریبی دیہات میں داخل ہوا تو ہر شے ملیامیٹ ہو گئی۔