Friday, May 17, 2024

دریائے سندھ نے گھوٹکی کے مزید 40دیہات ڈبو دیئے !!! 170 بستیوں کا زمینی رابطہ منقطع، سیکڑوں محصور افراد مدد کے منتظر

دریائے سندھ نے گھوٹکی کے مزید 40دیہات ڈبو دیئے !!! 170 بستیوں کا زمینی رابطہ منقطع، سیکڑوں محصور افراد مدد کے منتظر
July 26, 2015
کراچی (92نیوز) دریائے سندھ میں سیلاب کے باعث کچے کے مزید دیہات زیر آب آگئے ہیں جبکہ گھوٹکی میں بھی صورتحال خراب ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں کٹاو¿ کاسلسلہ بدستور جاری ہے جبکہ تربیلا ڈیم کے سپل ویز کھولنے کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی سطح مزید بلند ہونے کاخدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق دریائے سندھ کی طغیانی نے لاکھوں افراد کو نقل مکانی پر مجبور کر دیا ہے۔ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں اور لوگ بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ کشمور، راجن پور اور مٹھن کوٹ میں سیلابی پانی سے سیکڑوں بستیاں زیرآب آ گئیں، لاکھوں لوگ اپنی مددآپ کے تحت نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ ادھر ڈیرہ غازی خان میں بھی ہزاروں افراد دریائے سندھ کی بپھری لہروں کے رحم وکرم پر ہیں۔ سیلابی پانی کے باعث زمینی کٹاو¿ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ سیلابی پانی اب تک سیکڑوں دیہات کو ڈبو چکا ہے۔ دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث گھوٹکی کے مزید 40دیہات زیرآب آ گئے۔ قادرپور، رونتی ماچکو آندل سندرانی کے170دیہات کازمینی رابطہ بھی منقطع ہوچکا ہے۔ سہولیات نہ ہونے کے باعث سیلاب متاثرین نے ضلعی انتظامیہ کے کیمپوں میں رہنے سے انکار کر دیا۔