Wednesday, April 24, 2024

دریائے سندھ میں کوٹری بیراج پر پانی کی آمد میں بھی مسلسل اضافہ

دریائے سندھ میں کوٹری بیراج پر پانی کی آمد میں بھی مسلسل اضافہ
August 22, 2019
حیدر آباد ( 92 نیوز)  کوٹری بیراج پر پانی کی آمد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے بعد کوٹری بیراج کے ڈاؤن اسٹریم میں پانی کے اخراج میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ کوٹری بیراج دریائے سندھ کا آخری بیراج ہے، گڈو اور سکھر بیراج سے پانی کے اخراج کے بعد کوٹری بیراج میں بھی پانی کی آمد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اس وقت کوٹری بیراج اپ اسٹریم میں پانی کی آمد 1 لاکھ 82 ہزار 620 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ کوٹری ڈاؤن اسٹریم میں پانی کا اخراج 1 لاکھ 46 ہزار 4 سو کیوسک سے زائد ہے۔ اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر کوٹری بیراج طارق اسد عرسانی کا کہنا ہے کہ گڈو اور سکھر بیراج پر پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے اور توقع ہے کہ کوٹری بیراج پر پانی کی سطح 2 سے سوا دو لاکھ کیوسک تک پہنچ جائے گی۔ کوٹری بیراج پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے بعد محکمہ ایری گیشن نے بھی کچے کے مکینوں کو مکانات خالی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے نوٹس جاری کردیئے تاکہ کسی بھی جانی و مالی نقصانات سے بچا جاسکے۔