Wednesday, April 24, 2024

دریائے ستلج میں پانی کی سطح پھر بلند ، قصور میں رابطہ لنک سجرا روڈ زیرآب آگیا

دریائے ستلج میں پانی کی سطح پھر بلند ، قصور میں رابطہ لنک سجرا روڈ زیرآب آگیا
August 25, 2019
 قصور (92 نیوز) دریائے ستلج میں پانی کی سطح پھر بلند ہو گئی۔ قصور میں رابطہ لنک سجرا روڈ زیرآب آگیا ۔ بیس سے زائد دیہات بھی ڈوب گئے۔ بھارت نےدریائے ستلج میں پھر پانی کا ریلا  چھوڑ دیا جس سے قصور کے بیس سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا اور رابطہ لنک سجرا روڈ بھی زیرآب آگیا۔ متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر 60 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔ کیکر پوسٹ پر پانی کی سطح ساڑھے بیس فٹ تک پہنچ گئی۔ حاکو والا، چندا سنگھ، گٹی کلنجر، مستے کی ، بھاگڑاں والی آہلنی، بھکھی ونڈ سمیت درجنوں دیہات  سیلابی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ عارف والا کے علاقے میں دریائے ستلج میں پانی کی سطح بلند ہونے  پر ڈھولا بند ٹوٹ گیا جس سے کئی دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں زیرآب آگئیں۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ سیلابی ریلے سے قصور اور اوکاڑہ کے علاقے میں بڑے پیمانے پر اراضی زیر آب آچکی  ہے۔ تیار فصلیں تباہ ہونے پر کسانوں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے۔