Saturday, April 20, 2024

دریائے ستلج بپھر گیا، قصور، اوکاڑہ کے متعدد دیہات ڈوب گئے

دریائے ستلج بپھر گیا، قصور، اوکاڑہ کے متعدد دیہات ڈوب گئے
August 22, 2019
لاہور ( 92 نیوز) دریائے ستلج میں سیلابی ریلے کی تباہ کاریاں جاری ہیں جس سے قصور اور اوکاڑہ کے متعدددیہات ڈوب گئے،ترجمان این ڈی ایم اے بریگیڈیئر مختاراحمد کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج میں ہیڈ گنڈا سنگھ کے مقام پر 55ہزارکیوسک کا ریلا گزررہا ہے،دریائے سندھ میں طغیانی سےدادو کے تین سو سے زائد دیہات زیرآب آگئے، راجن پورمیں بھی متعدد بستیاں سیلاب سے متاثر،،ایک شخص ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ بھارت سے آنے والےسیلابی ریلے نےدریائے ستلج کے اطراف میں  تباہی مچادی،قصورمیں  18دیہات ڈوب گئے، مستی کے، چدر سنگھ اور بکی ونڈکی بستیاں انتہائی زیادہ متاثرہ ہوئی ہیں ۔ سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہوگئیں، پاک فوج سمیت ریسکیو امدادی کاموں میں مصروف ہیں ۔ اوکاڑہ کے علاقے اٹاری اور پران  کے مقام پر بھی دریائے ستلج میں شدید طغیانی آگئی ۔ سیلاب میں گھرے خواتین اور بچوں سمیت 9سوافرادکو ریسکیو کرلیا گیا،،سیلابی ریلا ہیڈ سلیمانکی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے بریگیڈیئر مختاراحمد کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج میں ہیڈ گنڈا سنگھ کے مقام پر 55ہزارکیوسک کا ریلا گزررہا ہے،65ہزار کیوسک تک کا ریلا 23اگست کی شام کو ہیڈ سلیمانکی سے گزرے گا۔ ادھر دریائے سندھ بھی بپھرگیا ،سیلاب نے راجن پورکے علاقے میں تباہی مچادی، محمد پور سے لیکر روجھان تک کے دیہات  بری طرح متاثر ہیں جب کہ ایک شخص ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ دریائے سندھ میں 3 لاکھ پچاس ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔ دادوکی تحصیل میھڑ اور خیرپور ناتھن شاہ کے 300  سے زائد دیہات کوبھی سیلابی پانی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا،کوٹری بیراج پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافے پرکچے کے مکینوں کومحفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے نوٹس جاری کر دیے گئے ،گڈو اور سکھر بیراج پربھی پانی کی سطح بلند ہورہی ہے۔ دریائے چناب میں بھی پانی کی سطح بلند ہورہی ہے،متعددبستیاں ڈوب گئیں جبکہ بڑے پیمانے پر فصلیں زیرآب آنے سے کسانوں کوبھاری مالی نقصان کا سامنا ہے۔