Tuesday, May 21, 2024

درخشاں میں نقلی انڈوں کی فروخت کا انکشاف

درخشاں میں نقلی انڈوں کی فروخت کا انکشاف
October 21, 2019
کراچی ( 92 نیوز) کراچی کے پوش علاقے درخشاں میں نقلی انڈوں کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے ، شہری کی نشاندہی پر پولیس اور فوڈ اتھارٹی حکام نے جنرل اسٹور پر چھاپہ مار کر نقلی انڈے تحویل میں لے لئے ۔ فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق درخشاں سے پکڑے گئے نقلی انڈے پلاسٹک میٹریل سے تیار کیے گئے تھے  جنہیں ابالنے کے بعد ان کی نوعیت تبدیل ہو گئی ، پولیس نے جنرل اسٹور پر موجود شخص کو گرفتار کر کے اسٹور کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔ جنرل اسٹور کو سیل کر کے انڈے سپلائی کرنے والے ڈیلر سے بھی پوچھ گچھ کی  ، فوڈ اتھارٹی حکام نے انڈوں کو انسانی صحت کے لئے مضر قرار دے دیا ۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مضر صحت انڈے دھابیجی کے فارم سے کراچی سپلائی کئے گئے تھے۔ دوسری جانب ڈیفنس میں گذشتہ شب پلاسٹک کےانڈے پکڑےگئے ، پولیس نے چار ملزموں کوگرفتارکیا ، گرفتارملزموں  میں دوہول سیلر اور ریٹیلرز ہیں ، ان کی نشاندہی پر پلاسٹک کےانڈوں سےبھرا ٹرک بھی برآمد کیا ۔ پولیس کاکہناہے ملزموں نےابتدائی تحقیقات میں بہت کچھ بتا دیا ہے ، مزید چھاپے اور گرفتاریاں کی جائیں گئی ۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن سوہائے عزیز کاکہناہےکہ انڈوں میں استعمال ہونے والی پلاسٹک کتنی خطرناک ہے یہ جانچنے کےلئے لیبارٹری بھیجاجارہاہے ، ملزموں کا منظم گروہ ہے جوشہر میں پلاسٹک کےانڈے سپلائی کر رہا تھا، جلد ہی سب ہی ملزم قانون کی گرفت میں ہونگے۔ دوسری جانب پولیس نےملزم دکاندارکو مقامی عدالت میں پیش کیا ، پولیس نے بتایا کہ شہری کی شکایت پرنقلی انڈے برآمد کیے اور دکاندار کو تحویل میں لیا  ، تفتیش کررہے ہیں کہ انڈے کہاں بنتے ہیں۔ تفتیشی افسر نے عدالت سےملزم کےریمانڈ کی استدعا کی ، ملزم دکاندار نے کہا کہ متاثرہ شہری نے ان کی دکان سےانڈے نہیں خریدے ، جس شاپر میں انڈے لائے گئے وہ شاپر استعمال ہی نہیں کرتے۔ عدالت نےملزم کو 10 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا۔