Friday, April 19, 2024

درخت بھی رات کو سوتے ہیں : سائنسدان

درخت بھی رات کو سوتے ہیں : سائنسدان
June 2, 2016
لندن (ویب ڈیسک) خواہ آپ یقین کریں یا نہ کریں مگر ماہرین نباتات کا کہنا ہے کہ درخت بھی انسانوں کی طرح سوتے ہیں اور نیند میں ان کی ظاہری کیفیت نوٹ بھی کی جاسکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق فن لینڈ اور آسٹریا میں دو تحقیقات کے بعد ماہرین نباتات نے انکشاف کیا ہے کہ بیشتر درخت رات کے وقت سوتے ہیں اور اس دوران ان کی شاخیں اور پتے نیچے کی جانب ہو جاتے ہیں۔ ماہرین نباتات کا خیال ہے کہ درختوں کی نیند اور ان میں پانی کے استعمال کے درمیان گہرا تعلق پایا جاتا ہے۔ سائنسدانوں نے سورج نکلنے اور غروب ہونے کے بعد لیزر سکینرز کی مدد سے درختوں کی حرکات نوٹ کیں۔ مشاہدے کے بعد یہ دلچسپ بات سامنے آئی کہ درخت ہر 10منٹ بعد حرکت کرتے ہیں۔ یہ تحقیق سائنسی جریدے ”فرنٹیئر ان پلانٹ سائنس“ میں شائع ہوئی ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ جب درخت سو جاتے ہیں تو ان کی شاخیں 10 سینٹی میٹر تک جھک جاتی ہیں۔ یہ صورتحال تمام رات جاری رہتی ہے حتیٰ کہ سورج طلوع ہونے کے تین یا چار گھنٹوں بعد درخت دوبارہ اپنے معمول پر آ جاتے ہیں۔